نگراں وزیراعظم کی کویت میں اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں
دورہ کویت کے دوران نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کویت کے پہلے نائب وزیر اعظم اور وزیر داخلہ شیخ طلال الخالد الاحمد الصباح سے بیان پیلس میں ملاقات کی ہے۔
نگراں وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ اعلیٰ کویتی قیادت سے ملاقات کیلئے جب البیان محل پہنچے تو ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔
کویت کے اول نائب وزیرِاعظم و وزیرِ داخلہ شیخ طلال الخالد الاحمد الصباح نے محل پہنچنے پر نگران وزیراعظم کو خوش آمدید کہا۔
وزیر اعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق نگران وزیرِاعظم انوارالحق کاکڑ کو کویتی امیری گارڈ کے دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا اور دونوں ممالک کے ترانے پیش کئے گئے۔
نگران وزیرِ خزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر، نگران وزیرِ توانائی محمد علی، نگران وزیرِ تجارت گوہر اعجاز ، نگران وزیرِ قانون، موسمیاتی تبدیلی و آبی ذخائر احمد عرفان اسلم اور نگران وزیرِاعلی پنجاب محسن نقوی بھی نگران وزیرِ اعظم کے ہمراہ کویت گئے ہیں۔
نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ آج کویت کے ولی عہد شيخ مشعل الاحمد الجابر الصباح سے بھی ملاقات کریں گے۔
انوار الحق کاکڑ کی کویت کی اعلیٰ قیادت سے ملاقاتوں کے بعد دونوں ممالک کے مابین مختلف شعبوں میں تعاون کے لئے مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط متوقع ہیں۔