انٹرا پارٹی الیکشن کے ساتھ پی ٹی آئی نے مذاق کیا ہے: پی ٹی آئی پارلیمنٹرین
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) پارلیمنٹرین نے پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات پر ردِ عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ انٹرا پارٹی الیکشن کے ساتھ پی ٹی آئی نے مذاق کیا ہے۔
پی ٹی آئی پارلیمنٹرین کے ترجمان ملک حبیب نور کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی نے آج انصاف کے ساتھ ظلم کیا ہے، جعلی اور بوگس طریقے سے پارٹی انتخابات کرائے گئے۔
ترجمان نے کہا کہ الیکشن کمیشن پی ٹی آئی کے بوگس پارٹی انتخابات کا نوٹس لے کر تحقیقات کرے، جعلی طریقے سے انتخابات نے پی ٹی آئی کے عام ورکر کو مایوس کیا ہے۔
واضح رہے کہ بیرسٹر گوہر بلا مقابلہ پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین منتخب ہو گئے ہیں۔
پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے چیف الیکشن کمشنر نیاز اللّٰہ نیازی نے اس بات کا اعلان کیا ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ عمر ایوب پی ٹی آئی کے بلا مقابلہ مرکزی جنرل سیکریٹری، علی امین گنڈا پور تحریکِ انصاف خیبر پختون خوا اور یاسمین راشد پنجاب کی صدر منتخب ہو گئیں۔