خیبر پختونخوا

خیبر پختونخوا ، ایٹا کے تحت ہر قسم کے ٹیسٹ میں حصہ لینے والے معذور امیدوار فیس سے مستثنیٰ


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)نگران حکومت خیبر پختونخوا نے ایٹا کے تحت ہر قسم کے ٹیسٹ میں حصہ لینے والے معذور امیدواروں کے لیے ٹیسٹ فیس معاف کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
نگران وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا جسٹس ریٹائرڈ سید ارشد حسین شاہ کی زیر صدارت ایٹا کے بورڈ آف گورنرز کا اجلاس ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ ایٹا کے تحت کسی بھی ٹیسٹ میں حصہ لینے والے معذور امیدوار ٹیسٹ فیس جمع کرانے سے مستثنٰی ہونگے۔
اجلاس میں مختلف ایٹا ٹیسٹ کے دوران امیدواروں سے ضبط کیے گئے موبال فونز کو ڈسپوز آف کرنے کے سلسلے میں طریقہ کار وضع کرنے کے لیے کمیٹی قائم کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
نگران صوبائی وزیر جسٹس (ر) ارشاد قیصر کی سربراہی میں قائم کمیٹی اس سلسلے میں تمام قانونی اور تکنیکی پہلوؤں کا جائزہ لے کر حتمی سفارشات پیش کرے گی۔
اجلاس میں بورڈز امتحانات اور ایٹا کے تحت ٹیسٹ میں نقل کی روک تھام سے متعلق امور پر غور و خوض کیا گیا، امتحانات اور ٹیسٹ میں نقل کے تدارک کیلئے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کیلئے لائحہ عمل ترتیب دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔ اجلا س میں فیصلہ کیا گیا کہ امیدواروں کو نقل میں معاونت فراہم کرنے والوں کیخلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

متعلقہ خبریں