بابر اعظم اور شاہین کیخلاف کھیلنے کیلئے پرجوش ہوں، میک سوینی


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)آسٹریلوی پرائم منسٹر الیون کے کپتان نیتھن میک سوینی نے کہا ہے کہ پاکستان کے پاس اچھے بالرز ہیں، کوشش کریں گے بہترین کرکٹ کھیلیں۔
واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم ٹیسٹ سیریز کھیلنے کے لئے دورہ آسٹریلیا میں موجود ہیں تاہم، پہلے ٹیسٹ سے قبل قومی ٹیم پرائم منسٹر الیون کے مدمقابل ہوگی اور دونوں ٹیموں کے دوران 6 سے 9 دسمبر تک چار روزہ میچ کینبرا میں کھیلا جائے گا۔
چار روزہ میچ کے ابتدائی روز آسٹریلیا کے وزیراعظم مانوکا اوول میں موجود ہوں گے، فرسٹ کلاس میچ سے قبل پرائم منسٹر الیون کے کپتان میک سوینی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ میں سابق کپتان بابراعظم اور فاسٹ بالر شاہین شاہ آفریدی کے خلاف کھیلنے کے لیے بہت پرجوش ہوں۔
اپنے بیان میں میک سوینی کا کہنا تھا کہ بابر اعظم اور شاہین آفریدی کو صرف ٹی وی پر ہی کھیلتے دیکھا ہے، انہوں نے بتایا کہ کیمرون بینکروفٹ اور مارکس ہیرس پاکستان کے خلاف اوپننگ کریں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ کسی بھی انٹرنیشنل ٹیم کے خلاف فرسٹ کلاس میچ کھیلنا آسان نہیں ہوگا، پاکستان کے پاس اچھے بالرز ہیں، کوشش کریں گے بہترین کرکٹ کھیلیں۔