سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں شراب نوشی کیلئے خفیہ کمرے کا انکشاف


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)آسٹریلین کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ باولر بریٹ لی نے انکشاف کیا ہے کہ سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں شراب نوشی کے لیے ایک خفیہ چیمبر موجود ہے جہاں کئی نامور کرکٹرز شراب پیتے تھے۔
دنیائے کرکٹ کے لیجنڈری کرکٹر بریٹ لی نے یہ انکشاف سوشل میڈیا پر ایک پوڈکاسٹ کے دوران کیا۔ انہوں نے بتایا کہ آسٹریلوی ڈریسنگ روم سے ہی اس خفیہ چیمبر کی سیڑھیاں اترتی ہیں۔
بریٹ لی کا کہنا ہے کہ ‘وہاں جانے کا ایک خفیہ طریقہ ہے، بیٹ کو تین مرتبہ نیچے مارنا پڑتا ہے۔ جس کے تھوڑی دیر بعد نیچے سے بھی 3 مرتبہ ایسی ہی آواز آتی ہے جس کا مطلب یہ ہوتا ہے کہ آپ نیچے آسکتے ہیں۔’
سابق کرکٹر نے بتایا کہ اس چیمبر کے دروازے پر 1950 کی دہائی سے اب تک کے معروف ٹیسٹ کرکٹرز کے دستخط موجود ہیں۔ وہاں ڈان بریڈ مین سے اب تک کے ملکی سپر اسٹار ز بیئر سے لطف اندوز ہو چکے ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ کسی میچ میں فتح حاصل کرنے کے بعد عموماً کھلاڑی وہاں جاکر جشن منایا کرتے تھے۔ اس جگہ پریس کی رسائی بھی ممکن نہیں تھی۔