الیکشن شیڈول چند روز میں دیدیں گے ، پولنگ 8 فروری کو ہو گی ، چیف الیکشن کمشنر
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کہا ہے کہ چند روز میں الیکشن شیڈول دے دیا جائے گا، پولنگ 8 فروری 2024ء کو ہو گی۔
قومی ووٹرز ڈے پر اپنے پیغام میں چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ الیکشن کمیشن اپنی آئینی و قانونی ذمے داریوں سے بخوبی آگاہ ہے، شفاف، پُرامن انتخابات کے انعقاد کے لیے پوری طرح تیار اور پُرعزم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن عام انتخابات کی تیاریوں میں مصروف ہے، حتمی انتخابی فہرستوں کی پرنٹنگ و ترسیل کا کام مکمل ہو چکا ، چند روز میں ڈی آر او، آر او اور اسسٹنٹ افسران کا نوٹیفکیشن جاری ہو جائے گا۔ الیکشن کمیشن آپ کو یقین دلاتا ہے کہ الیکشن کے دوران آپ کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے گا۔
سکندر سلطان راجہ نے مزید کہا کہ عوام ملک و قوم کے روشن مستقبل کیلئے اپنا حقِ رائے دہی استعمال کریں، الیکشن کمیشن کیساتھ تعاون کرکے پُرامن انتخابات کا انعقاد یقینی بنائیں،عوام کے ہاتھوں میں ووٹ کی طاقت ہے ، اپنے اور بچوں کے مستقبل کو سامنے رکھ کر ووٹ کا استعمال کریں۔ انتخابی عمل عوام کا حق بھی ہے اور قومی فریضہ بھی۔