کوئٹہ ، فوڈ اسٹریٹ “پرنس روڈ”پر کارروائی ، معروف ریسٹورنٹ سمیت 8 کھانے پینے کے مراکز پر جرمانے عائد
کوئٹہ (قدرت روزنامہ)کوئٹہ شہر کی معروف فوڈ اسٹریٹ “پرنس روڈ” میں بی ایف اے انسپیکشن ٹیم نے غیر معیاری اشیاء کی تیاری و فروخت اور لائسنس کی عدم دستیابی پر کارروائی کرتے ہوئے معروف ریسٹورنٹ سمیت 8 کھانے پینے کے مراکز پر جرمانے عائد کردئیے ۔ اسی طرح منیر احمد روڈ میں کولڈرنکس کے ایک ڈسٹریبیوشن یونٹ سے جعلی و غیر معیاری مشروبات کی بڑی تعداد برآمد کرلی گئی ،
ناقص کولڈرنکس کی ہزاروں بوتلیں ضبط کرکے ڈسٹریبیوٹر پر بھاری جرمانہ عائد کردیا گیا ،پرنس روڈ مین جرمانہ کیے گئے مراکز میں 1 ریسٹورنٹ اور 1 فاسٹ فوڈ کارنر کے لائسنس نہیں تھے جبکہ 3 دیگر ہوٹلوں اور 2 فاسٹ فوڈ کارنرز کے خلاف صفائی و نکاسی آب کے نامناسب انتظامات ، پکوان میں خراب و استعمال شدہ کوکنگ آئل کے استعمال ، خام اشیاء (گوشت وغیرہ) کی غیر صحت بخش حالات میں اسٹوریج ، آلودہ فریزرز اور صارفین کو اخبار (پرنٹڈ پیپر) میں خوراک کی فراہمی پر ایکشن لیا گیا۔
دوران انسپیکشن ایک معروف جلیبی شاپ مالک کو ایس او پیز کی خلاف ورزی اور جلیبی و سموسے وغیرہ تلنے کیلئے خراب خوردنی تیل کے استعمال پر جرمانہ کیا گیا ۔ ہوٹلوں اور جلیبی شاپ سے برآمد شدہ خراب و ناقابلِ استعمال کوکنگ آئل کو ضبط کرکے موقع پر تلف کرتے ہوئے ورکرز کو اشیاء کی تیاری کیلئے تازہ و معیاری آئل استعمال کرنے کی تنبیہ کی گئی ۔ علاوہ ازیں فوڈ بزنس لائسنس کی عدم دستیابی پر جرمانہ کیے گئے مراکز کے مالکان کو ترجیحی بنیادوں پر بلوچستان فوڈ اتھارٹی سے لائسنس کا حصول ممکن بنانے کی ہدایت کی گئی ۔ معائنہ کے دوران معمولی نقائص پر 11 خوراک کے مراکز کو اصلاحی نوٹسز بھی جاری کیے گئے ۔