افغانستان میں موجود دہشتگرد گروپ پاکستان کو نشانہ بنا رہے ہیں، دفتر خارجہ
اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ افغانستان میں موجود دہشت گرد گروپ پاکستان کو نشانہ بنا رہے ہیں اور اس حوالے سے افغان حکومت سے تفصیلات بھی شیئر کی گئی ہیں۔ پروگرام ’’سینٹر اسٹیج‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا ہے کہ ڈی آئی خان میں دہشت گردی کا واقعہ سنجیدہ واقعہ تھا اور ہم نے افغان حکومت کو پاکستان کے تحفظات کے حوالے سے آگاہ کر دیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ ہم نے افغان حکام کو کہا کہ کالعدم ٹی ٹی پی کے دہشت گردوں کو پاکستان کے حوالے کیا جائے اور پاکستان کے خلاف کارروائی کرنے والے دہشت گرد گروپ کے خلاف ایکشن لیا جائے۔
ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ ہم نے افغان حکومت سے مطالبہ کیا تھا کہ افغانستان کی سرزمین پڑوسی ممالک کے خلاف استعمال نہ کی جائے۔
دہشت گردی سے متعلق مزید گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت دوسرے ممالک میں دہشت گردی جیسے واقعات میں ملوث ہے اور دوسرے ممالک میں ٹارگٹ کلنگ بھی کراتا ہے جبکہ بھارت نے پاکستان میں بھی ایسی کوششیں کیں جن کے شواہد ہمارے پاس موجود ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ بھارتی سپریم کورٹ کا جو فیصلہ آیا ہے اس کا اطلاق کشمیر پر نہیں ہوتا، عالمی قوانین کے مطابق بھارتی سپریم کورٹ کے فیصلے کا اطلاق کشمیر پر نہیں ہوتا اور بھارت اس حقیقت کو جھٹلا نہیں سکتا۔