بالی ووڈ میں آنے سے پہلے میرے والد گینگسٹر تھے، اجے دیوگن
ممبئی(قدرت روزنامہ)بھارتی اداکار اجے دیوگن نے انکشاف کیا ہے کہ ان کے والد فلم انڈسٹری میں آنے سے پہلے گینگسٹر تھے۔بالی ووڈ اسٹار اجے دیوگن نے ایک انٹرویو میں کہا کہ میرے والد 13 سال کی عمر میں گھر چھوڑ کرممبئی آگئے تھے۔ والد ویرو دیوگن بغیر ٹکٹ ٹرین میں سفر کرکے ممبئی پہنچے تھے۔
اجے دیوگن کا کہنا ہے کہ ان کے والد نے ابتدائی دور میں بہت مشکلات کا سامنا کیا۔ وہ ممبئی میں ایک گینگ کا حصہ بھی بننے اور انہیں جیل بھی ہوئی۔اداکار نے انکشاف کیا کہ بالی ووڈ کے سینئر ایکشن ڈائرکٹر نے والد ویرو دیوگن کو گلی میں لڑتے دیکھا اور ان کی صلاحیتوں سے متاثر ہو کر انہیں یہ کہہ کر اپنے دفتر بلایا کہ تو لڑتا اچھا ہے۔
اجے دیوگن کے مطابق بالی ووڈ میں انٹری نے ان کے والد کی زندگی بدل دی اور انہوں نے بطور ایکشن ڈائرکٹر 200 فلموں میں فرائض انجام دئیے۔ ویرو دیوگن کا شمار بالی ووڈ کے مایہ ناز ایکشن ڈائرکٹرز میں کیا جاتا ہے۔