ہمارا اسٹیبلشمنٹ سمیت کسی سے کوئی جھگڑا نہیں، بیرسٹر گوہر
اسلام آباد(قدرت روزنامہ) تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ فوج ہماری ہے ملک ہمارا ہے اور ہمارا اسٹیبلشمنٹ سمیت کسی سے کوئی جھگڑا نہیں، پی ٹی آئی کے ساتھ جو کچھ ہو رہا ہے ماضی میں اس کی مثال نہیں ملتی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے چئیرمین بیرسٹر گوہر سے متعلقہ رپوٹرز نے ملاقات کی۔ سیکرٹری انفارمیشن تحریک انصاف رؤف حسن بھی ملاقات میں موجود تھے۔ ملاقات میں بیرسٹر گوہر نے صحافیوں کے سوالات کے جوابات دیے اور ملکی سیاسی صورتحال پر بات کی، انہوں نے پاکستان تحریک انصاف کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔
چئیرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف اور عمران خان شروع سے کہتے آ رہے ہیں کہ فوج ہماری ہے ملک ہمارا ہے ہمارا کسی کے ساتھ بشمول اسٹیبلشمنٹ کوئی جھگڑا نہیں۔
چئیرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ہم نے کسی بھی سربراہ یا ادارے کے خلاف کوئی ایسا لفظ استعمال نہیں کیا کہ ہمارا جھگڑا ہو، پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ جو کچھ ہو رہا ہے ماضی میں اس کی مثال نہیں ملتی، سپریم کورٹ کو چاہیے کہ لیول پلینگ فیلڈ کے لیے سوموٹو نوٹس لے۔