شاہ محمود، صنم جاوید کی درخواست پر الیکشن کمیشن سے جواب طلب
لاہور (قدرت روزنامہ)لاہور ہائی کورٹ نے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) رہنماؤں کی درخواست پر الیکشن کمیشن سے جواب طلب کرلیا۔
لاہور ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی کی 3 حلقوں سے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کے خلاف درخواست کی سماعت پر الیکشن کمیشن سے کل جواب طلب کرلیا۔
جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے درخواست کی سماعت کی۔ درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ شاہ محمود قریشی کے حلقہ این اے 150، این اے 151 اور پی پی 218 میں کاغذات نامزدگی مسترد ہوئے۔ ٹربیونل اور ریٹرننگ افسر نے قانون کے منافی کاغذات مسترد کیے۔
پی ٹی آئی رہنما صنم جاوید کی درخواست پر بھی عدالت نے الیکشن کمیشن کے وکیل سے جواب طلب کرلیا۔صنم جاوید نے درخواست میں موقف اختیار کیا کہ ایک قومی اور 2 صوبائی اسمبلی کی نشستوں کے لیے کاغذات نامزدگی مسترد ہوئے۔ ریٹرننگ افسر اور ٹریبونل نے حقائق کا درست جائزہ نہیں لیا۔ عدالت ٹربیونل اور ریٹرننگ افسران کا فیصلہ کالعدم قرار دے۔