کوئٹہ (قدرت روزنامہ)نگراں وزیراعلیٰ بلوچستان علی مردان ڈومکی کی زیرِ صدارت عام انتخابات کے پُرامن انعقاد سے متعلق اجلاس ہوا ہے . اجلاس میں انتظامی سیکریٹریز، کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور پوليس حکام نے شرکت کی .
اس موقع پر اجلاس کے شرکاء کو بریفنگ دی گئی کہ حساس اور انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنوں پر 8 ہزار سی سی ٹی وی کیمرے نصب ہوں گے . بریفنگ میں بتایا گیا کہ زیارت اور سرد علاقوں میں برفباری کی صورت میں بھاری مشینری متعلقہ ڈسٹرکٹس میں موجود ہوگی .
اجلاس میں الیکشن کے لیے ریٹائرڈ سیکیورٹی اہلکاروں کی خدمات بھی حاصل کرنے کا فیصلہ کیا گیا . نگراں وزیراعلیٰ بلوچستان علی مردان ڈومکی کا کہنا تھا کہ الیکشن سے متعلق اب تک کیے گئے اقدامات اطمینان بخش ہیں .
انہوں نے کہا کہ الیکشن سے متعلق امیدواروں اور عوام کےتحفظات کا فوری ازالہ کیا جائے، عوام کو حق رائے دہی کے استعمال کے لیے سازگار ماحول دیا جائے .