پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں تیزی کا تسلسل برقرار، 7 نفسیاتی سطحیں عبور
کراچی(قدرت روزنامہ) پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں تیزی کا تسلسل برقرار، انڈیکس 7 نفسیاتی سطحیں عبور کرگیا۔آئی ایم ایف کی قومی ائیرلائن کی نج کاری پلان منظور ہونے کی اطلاعات کے علاوہ گردشی قرضوں میں کمی اور ٹیرف ریشنلائزیشن منصوبوں کی منظوری کے امکانات اور ریفائنری سیکٹر میں بڑھتی ہوئی خریداری سرگرمیوں کے باعث پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں منگل کو بھی تیزی کا تسلسل برقرار رہا جس سے انڈیکس کی 63100، 63200، 63300، 63400، 63500، 63600 اور 63700 پوائنٹس کی 7 نفسیاتی سطحیں بھی عبور ہوگئیں۔
تیزی کے سبب 68.45 فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں جبکہ حصص کی مالیت میں 1 کھرب 21 ارب 85 کروڑ 63 لاکھ 79 ہزار 411 روپے کا اضافہ ہوگیا۔ تعطیلات اور انتخابی گہما گہمی بڑھنے سے منگل کو کاروبار کے آغاز سے ہی تیزی دیکھی گئی لیکن تیزی آتے ہی پرافٹ ٹیکنگ کی وجہ سے ایک موقع پر 174 پوائنٹس کی مندی بھی ہوئی لیکن براؤن فیلڈ ریفائنری کی ترمیمی پالیسی کی منظوری کی خبر سے اس شعبے میں تازہ سرمایہ نے مارکیٹ کا گراف بلند کیا جس سے ایک موقع پر 882 پوائنٹس کی تیزی بھی ہوئی تاہم اختتامی لمحات میں دوبارہ پرافٹ ٹیکنگ کی وجہ سے تیزی کی مذکورہ شرح میں کمی واقع ہوئی نتیجتا کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 796.10 پوائنٹس کے اضافے سے 63799.02 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔
کے ایس ای 30 انڈیکس 272.30پوائنٹس کے اضافے سے 21600.18پوائنٹس پر بند ہوا، کے ایم آئی 30 انڈیکس 1725.33پوائنٹس کے اضافے سے 108088.48پوائنٹس اور کے ایم آئی آل شئیر انڈیکس 518.59 پوائنٹس کے اضافے سے 31471.37 پوائنٹس پر بند ہوا۔ کاروباری حجم گزشتہ جمعہ کی نسبت 20.35 فیصد زائد رہا اور مجموعی طور پر 33کروڑ 9 لاکھ 21 ہزار 598 حصص کے سودے ہوئے۔
کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار 336 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں 230 کے بھاو میں اضافہ 79 کے داموں میں کمی اور 27 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ جن کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ان میں ماڑی پیٹرولیم کے بھاو 77.73 روپے بڑھکر 2316.57روپے اور پاکستان سروسز کے بھاو 39روپے بڑھکر 879 روپے ہوگئے جبکہ اٹک پیٹرولیم کے 11.88 روپے گھٹ کر 397.85روپے اور بلوچستان وہیلز کے بھاؤ 10.87 روپے گھٹ کر 171.13 روپے ہوگئے۔