6 سالہ بچے کے اغوا میں ملوث سگا چاچا گرفتار


کراچی(قدرت روزنامہ)اسلامیہ کالونی سے 6 سالہ بچے کے اغوا میں سگا چاچا ملوث نکلا، پولیس نے مغوی بچے کو بحفاظت بازیاب کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق پیرآباد تھانے کےعلاقے اسلامیہ کالونی سے 6 سالہ معصوم بچے عمر کو نامعلوم ملزمان اغوا کرکے اپنے ہمراہ لے گئے تھے، اغواء کاروں نے بیرون ملک مقیم بچے کے والد سے بذریعہ فون 5 لاکھ روپے تاوان کا مطالبہ کیا تھا۔
ایس ایس پی ویسٹ شاد ابنِ مسیح کی ہدایت پر مغوی بچے کی بازیابی اور اغوا کاروں کی گرفتاری کے لیے خصوصی ہدایات جاری کی تھی جس پر پولیس نے ٹیکنیکل بنیادوں پر کارروائی کرتے ہوئے مغوی بچے کو بحفاطت بازیاب کرکے اس کے اغوا میں ملوث ملزم کو گرفتار کرلیا۔
پیرآباد پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت ہاشم ولد محمد نظر خان کے نام سے ہوئی جو کہ مغوی بچے کا سگا چچا ہے ملزم نے بیرون ملک مقیم اپنے بھائی سے ذاتی رنجش کی بناء پر اپنے بھتیجے کو اغواء کیا اور بھائی سے تاوان کا مطالبہ کیا تھا۔
واقعے کا مقدمہ الزام نمبر 95/2024 مغوی بچے کے چچا غیرت خان کی مدعیت میں تھانہ پیرآباد میں درج کیا گیا تھا۔ گرفتار ملزم اس سے قبل بھی اپنے ہی ایک اور بھائی کے قتل کے مقدمے میں گرفتار ہوکر پیرآباد تھانے سے جیل جا چکا ہے۔