پی ٹی آئی سے اتحاد ہوگا یا نہیں، پارٹی فیصلہ کرے گی، میر اعجاز جکھرانی
جیکب آباد (قدرت روزنامہ)پیپلز پارٹی کے نو منتخب ایم این اے میر اعجاز جکھرانی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی سے اتحاد ہوگا یا نہیں، یہ پارٹی فیصلہ کرے گی۔جیکب آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میر اعجاز جکھرانی نے کہا کہ جے یو آئی ف کا احتجاج عوام کو پریشان کرنے کے سوا کچھ نہیں، جے یو آئی بتائے کہ کب سندھ سے سیٹیں لی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ قومی شاہراہیں بلاک کرنا صحیح نہیں، بتائںں کہ کہاں دھاندلی ہوئی ہے، انتخابات صاف شفاف ہوئے۔واضح رہے کہ مبینہ انتخابی دھاندلی کے معاملے پر جے یو آئی کی اپیل پر لاڑکانہ سکھر شاہراہ کو مظاہرین نے بلاک کردیا ہے۔لاڑکانہ میں گوٹھ سچے بخش جاگیرانی کے مقام پر بھی جے یو آئی کے کارکنان کا دھرنا جاری ہے۔
دوسری جانب میرپورخاص میں بھی مبینہ انتخابی دھاندلی پر جے یو آئی ف کا ٹول پلازہ پر دھرنا جاری ہے۔دھرنے کے باعث میرپورخاص، حیدرآباد ہائی وے پر ٹریفک معطل ہے۔ مظاہرین کا کہنا ہے کہ الیکشن میں دھاندلی کر کے ہمارے امیدواروں کو ہرایا گیا۔