چار پیسوں کے خاطر اسٹیبلشمنٹ پاکستان کو زوال کی جانب دھکیل رہی ہے، ڈاکٹر مالک
تربت (قدرت روزنامہ) نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر، سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان، نومنتخب ایم پی اے ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہاہے کہ اسٹیبلشمنٹ کاکام ملک کی حفاظت کرنا ہے مگر ملکی حفاظت کے بجائے ملک کو زوال کی جانب دھکیل رہے ہیں، سازش کے تحت بلوچ پشتون قوم پرستوں کوپارلیمنٹ سے باہر رکھنے کی کوشش کی جارہی ہے، ادارے جب الیکشن کوکمائی کا ذریعہ سمجھیں تو اس سے جمہوریت اور وفاق مضبوط نہیں بلکہ وفاق کی جڑیں کھوکھلی ہوجاتی ہیں، ان خیالات کااظہار انہوں نے پیر کے روز شہید فدا چوک پر احتجاجی مظاہرہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا، واضح رہے کہ پیر کے روز نیشنل پارٹی کی کال پر انتخابی دھاندلیوں کے خلاف شہرمیں شٹرڈاﺅن ہڑتال کی گئی، ڈاکٹرمالک بلوچ نے کہاکہ ایک منظم منصوبہ اور سازش کے تحت بلوچ پشتون قوم پرستوں کو پارلیمنٹ سے باہر رکھنے کی کوشش کی جارہی ہے اسٹیبلشمنٹ جے جو اسٹریٹجی اپنائی ہے وہ پاکستان بچانے کی اسٹریٹجی نہیں ہے بلکہ کمائی اور کاروبار کی اسٹریٹجی ہے، الیکشن ان کی کمائی کا ذریعہ ہیں جن امیدواروں کو انہوں نے جتوایاہے وہ ہمارے پاس آکر کہتے ہیں کہ عدالت نہ جائیں جب ہم پوچھتے ہیں کہ کیوں نہ جائیں یہ ہمارا حق ہے تو ان کا جواب ہوتاہے کہ ہمارے دئیے گئے پیسے ضائع جائیں گے، قدوس بزنجو کی وزارت اعلیٰ فروخت ہوئی، ایم پی اے، ایم این اے کی نشستیں سب برائے فروخت ہیں،
وزارت پیسہ سے ملتی ہے چار پیسوں کی خاطر انہوں نے ملک کو رسواکردیا ہے اور عالمی سطح پر کہاجارہاہے کہ پاکستان میں جمہوریت کو سب سے زیادہ خطرہ اسٹیبلشمنٹ سے ہے، انہوں نے کہاکہ بلوچستان کے ساتھ اسٹیبلشمنٹ کاجو رویہ ہے وہ ناقابل قبول ہے اس طرح ملک نہیں چلتے، ملک کو تباہی کے دہانے پہنچا دیاہے اب مزید کہاں لے جانا چاہتے ہو، بلوچ کے ووٹ کو آپ تسلیم نہیں کرتے، بلوچستان کے وسائل نہیں دیتے، حق نہیں دیتے پھر بھی کہتے ہیں کہ بلوچستان کے لوگ کیوں ناراض ہیں، بلوچ آخرکیا کرے، انہوں نے کہاکہ ہمیں اپنی جمہوری سیاسی جدوجہد جاری رکھنی ہے جمہوری مزاحمتی پارٹی بنانا ہے نیشنل پارٹی کو انڈین نیشنل کانگریس اور افریقن نیشنل کانگریس کی طرز پرمنظم کریں تب ہم کہیں گے کہ اب ہم بات نہیں کریں گے، اس لئے تھکنا نہیں ہے،
کیونکہ ہمارے اکابرین کا درس جہد مسلسل ہے میر حاصل بزنجو، شہید مولابخش دشتی، شہید یاسین بلوچ کے پیروکار ہیں ہم چور ڈاکو قاتل نہیں ہیں کہ کوئی فون کال کرکے ہمیں ڈرائے ہم ایسی فون کال سے ڈرنے والے نہیں، انہوں نے الیکشن کمیشن آف پاکستان سے اپیل کی کہ بوگس ووٹ نکال کر نیشنل پارٹی کو اس کی جیتی ہوئی سیٹیں واپس کرے، میر حمل بلوچ، لالا رشیددشتی اورجان محمد بلیدی کی کامیابی کا اعلان کرے انہوں نے کہاکہ کوئٹہ میں نیشنل پارٹی، بی این پی، پشتونخواہ میپ اور ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کی قیادت نے صوبہ میں مشترکہ تحریک چلانے کا فیصلہ کیاہے، نیشنل پارٹی کے سیکرٹری جنرل جان محمد بلیدی نے احتجاجی دھرنا سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پارلیمنٹ جانا نیشنل پارٹی کی سیاسی حکمت عملی کا حصہ ہے مگر اس کامطلب یہ نہیں کہ نیشنل پارٹی اپنی جدوجہد سے دستبردارہوگی، ڈمی پارلیمنٹ بناکر بلوچستان پر قبضہ کی اجازت نہیں بلوچ عوام نہیں دے گی، 2018ءمیں جو غلطی کیا تھا 2024ءمیں پھر وہی غلطی، 2002ءسے آمر جنرل مشرف نے بلوچستان میں جو آگ لگائی تھی ان کی ناعاقبت اندیشی کی وجہ سے اس آگ کی شدت آج تک برقرار رہے، بلوچستان کانوجوان ہاتھ سے نکل چکاہے اور نوجوان ہمیں کہتے ہیں کہ آپ مفت میں وقت ضائع کررہے ہو مگر ہم میر غوث بخش بزنجو کی فکر کے وارث ہیں تمام تر زیادتیوں کے باوجودہم سمجھتے ہیں کہ راستہ جمہوریت سے نکلتی ہے مگر آپ اب بھی ہوش کے ناخن نہیں لے رہے ہو،
ڈاکٹر مالک اور سردار اخترجان کو جمہوری سیاست سے الگ کرکے بلوچستان کو کیا سبق دینا چاہتے ہو، ملک شاہ اور ان کے فرزنداور داماد کو کیچ، گوادر اورکوئٹہ سے کامیاب کرکے یہ پیغام دیاجارہاہے کہ وہ بہت بڑا لیڈرہے، انہوں نے کہاکہ اسٹیبلشمنٹ کو جمہوریت گوارا نہیں الزام ہم پرلگاتا ہے انہوں نے کہاکہ نیشنل پارٹی پر عوام نے بھرپور اعتماد کیاہے نیشنل پارٹی نیپ جیسی سیاسی قوت بن کر ابھری ہے، انہوں نے کہاکہ قوم پرستوں کے مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈال کر جو غلطی کی گئی ہے یہ بہت بڑی غلطی ہے اس کاازالہ ممکن نہیں ہے بلوچ عوام نے اس سسٹم پر اعتمادکرنا چھوڑ دیاہے ہماری جدوجہد پارلیمانی ہے سیاسی ہے ہم ہرمحاذ پرلڑیں گے، قومی حقوق اور وسائل کیلئے لڑیں گے، دھرنا سے نیشنل پارٹی کے رہنما سینیٹر کہدہ اکرم دشتی، لالا رشیددشتی، سابق سینیٹر اسماعیل بلیدی، نثار احمد بزنجو، فیصل میر منشی محمد، مشکور انور، بوہیر صالح، نوید تاج، بالاچ گورگیج، سعیدجان گلزار، نجیب ڈی ایم سمیت دیگرنے بھی خطاب کیا۔