الیکشن کمیشن نے عون چوہدری کی جیت کا نوٹی فکیشن واپس لے لیا


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)الیکشن کمیشن نے عون چوہدری کی جیت کا نوٹی فکیشن واپس لے لیا اور اسلام آباد ہائی کورٹ میں کہا ہے کہ نوٹی فکیشن غلطی سے جاری ہوگیا، سلمان اکرم راجا کی درخواست سنی جائے گی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 128 سے مسلم لیگ (ن) کے حمایت یافتہ استحکام پاکستان پارٹی کے امیدوار عون چوہدری کی کامیابی کا نوٹی فکیشن واپس لے لیا۔ اس حوالے سے ڈی جی لا الیکشن کمیشن نے اسلام آباد ہائی کورٹ کو آگاہ کردیا۔
اس پر اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس نے مخالف امیدوار اور درخواست گزار پی ٹی آئی رہنما سلمان اکرم راجا کو ہدایت دی کہ آپ کی درخواست الیکشن کمیشن کے پاس زیر التوا ہے وہاں جائیں۔ عدالت نے سلمان اکرم راجہ کے وکیل کو الیکشن کمیشن کے سامنے کیس رکھنے کی ہدایت دی۔
ڈی جی لا الیکشن کمیشن نے عدالت کو بتایا کہ غلطی الیکشن کمیشن سے ہوئی اس وجہ سے نوٹی فکیشن واپس لے لیا ہے، سلمان اکرم راجہ کی درخواست سن کر الیکشن کمیشن فیصلہ کرے گا۔
واضح رہے کہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 128 لاہور کے تمام 433 پولنگ اسٹیشنز کے غیر سرکاری و غیر حتمی نتائج کے مطابق عون چوہدری نے سلمان اکرم راجا کو شکست دی، انہوں ںے ایک لاکھ 72 ہزار 576 ووٹ حاصل کیے جب کہ ان کے مقابل پی ٹی آئی امیدوار سلمان اکرم راجا نے ایک لاکھ 59 ہزار 24 ووٹ لیے۔ سلمان اکرم راجا نے دھاندلی کا الزام عائد کرتے ہوئے الیکشن کمیشن اور اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کررکھا ہے۔