اسپیکر پنجاب اسمبلی کی نالائقی کی وجہ سے مخصوص نشستوں کا فیصلہ نہیں ہو رہا، عظمٰی بخاری
لاہور (قدرت روزنامہ)مسلم لیگ (ن) کی رہنما عظمٰی بخاری کا کہنا ہے کہ اسپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان کی نالائقی کی وجہ سے مخصوص نشستوں کا فیصلہ نہیں ہو رہا۔عظمٰی بخاری کا اپنے بیان میں کہنا ہے کہ اسپیکر سبطین خان آج ایک دن کے مہمان ہیں، کل ہماری جماعت کا اسپیکر آئے گا۔
اُنہوں نے کہا کہ اسپیکر یہاں ٹی پارٹی پر نہیں آئے کہ کہیں کہ میں چائے نہیں پلاؤں گا وہ اگر اپنا کام نہیں کرنا چاہتے تو انکار کر دیں۔
لیگی رہنما نے کہا کہ اسپیکر کےانکار کے بعد گورنرصاحب کی صوابدید ہوتی ہے کہ وہ کسی کو بھی نامزد کر دیں، اسپیکر صاحب آئے غلط طریقے سے لیکن کم ازکم واپس تو عزت و احترام کے ساتھ جائیں۔اُنہوں نے کہا کہ جب تک کوئی رکن حلف نہیں لیتا وہ ایوان میں بات نہیں کر سکتا۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ الیکشن شیڈول فالو کروانا میری ذمہ داری نہیں، اتحادیوں کو ملا کر اس وقت ہماری دو تہائی اکثریت ہے، اپوزیشن کا احترام کرتے ہیں انہیں ساتھ لیکر چلنا چاہتے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ کل سندھ اسمبلی کا اجلاس بلایا گیا ہے اور ایک دو دن میں قومی اسمبلی اجلاس بھی بلا لیا جائے گا۔