بلوچستان

وزیراعلیٰ بلوچستان کو عہدے کا حلف اٹھائے دس روز گزر گئے، صوبائی کابینہ تشکیل نہ پاسکی


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)بلوچستان کے وزیر اعلی میر سرفراز بگٹی کو اپنے عہدے کا حلف اٹھا ئے دس روز بیت گئے لیکن صوبائی کابینہ کی تشکیل نہیں ہوسکی ، جبکہ وفاق اور ملک کے دیگر تین صوبوں میں کابینہ فعال ہوچکی ہیں ،صوبائی کابینہ تشکیل نہ دئیے جانے سے صوبے میں سرکاری سطح پر گندم کی خریدی اور تین جامعات کے وائس چانسلرز کی تعیناتی کے فیصلے حل طلب ہیں ۔8فروری کو ملک میں عام انتخابات کے 23روز بعد بلوچستان میں پی پی پی کے میر سرفراز بگٹی وزیر اعلی کے منصب پر فائز ہوئے ،اب سرفراز بگٹی کے وزیر اعلی بنے دس روز گذر چکے ہیں لیکن صوبائی کابینہ کی تشکیل نہیں ہوسکی ہے ، صوبائی کابینہ کی تشکیل میں تاخیر کی وجہ چودہ مارچ کو سینیٹ کی تین نشستوں کے ضمنی الیکشن اور دو اپریل کو سینیٹ کی گیارہ نشستوں پر ہونے والے الیکشن ہیں ، وزیر اعلی بلوچستان کو اس بات کا خدشہ ہے کہ کابینہ کی تشکیل میں مناسب وزرات نہ ملنے پر اتحادیوں ناراض ہوسکتے ہیں ، صوبائی کابینہ بنائے جانے میں تاخیر کے باعث صوبے کے اہم معاملات حل طلب ہیں جن میں محکمہ خوراک کو سرکاری گندم کی خریداری اور صوبے کی تین جامعات میں وائس چانسلرز کی تعیناتی کے معاملہ پر فیصلہ کابینہ کے اجلاس سے مشروط ہے ، دوسری جانب صوبائی صدر پی پی پی چنگیز جمالی کا کہنا ہے کہ عید الفطر تک بلوچستان کابینہ تشکیل دے دی جائے گی۔

متعلقہ خبریں