‘تارک مہتا کا اُلٹا چشمہ’ کی ببیتا اپنے حمل کی خبروں پر بول پڑیں
ممبئی(قدرت روزنامہ) معروف بھارتی ٹیلی وژن شو ’تارک مہتا کا اُلٹا چشمہ‘ کی اداکارہ مونمون دتہ (ببیتا ایّر) نے اپنی منگنی کی خبروں کے بعد حمل کی افواہوں پر سخت ردعمل دے دیتے ہوئے ان خبروں کو جعلی قرار دے دیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ’تارک مہتا کا اُلٹا چشمہ‘ کے اداکار راج انادکٹ (ٹپو) اور اداکارہ مونمون دتہ (ببیتا ایّر) کی منگنی کی خبروں کے بعد یہ افواہیں بھی زیرِ گردش ہیں کہ اداکارہ مونمون دتہ حاملہ ہیں۔
ان تمام افواہوں سے تنگ آکر مونمون دتہ نے اپنے آفیشل انسٹاگرام کی اسٹوری کی سیریز میں کہا کہ یہ مضحکہ خیز ہے کہ کس طرح جعلی خبریں جنگل کی آگ کی طرح پھیلتی ہیں اور بومرینگ (انسٹاگرام مختصر ویڈیو) کی طرح واپس آتی رہتی ہیں۔
مونمون دتہ نے کہا کہ میں یہاں ایک بار پھر واضح کرنا چاہتی ہوں کہ نہ میری منگنی ہوئی ہے، نہ شادی ہوئی ہے اور نہ ہی میں حاملہ ہوں۔
اداکارہ نے کہا کہ میں جب بھی شادی کروں گی تو اگر میرا شوہر مجھ سے چھوٹا ہوا یا بڑا، میں فخر سے سب کو بتاؤں گی، میں بنگالی ہوں اور بنگالی بہادر ہوتے ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ میں اپنی توانائی اب جعلی خبروں پر وضاحت دینے میں نہیں لگاؤں گی، زندگی میں بہتر چیزوں کی طرف بڑھنا چاہیے کیونکہ خدا مہربان ہے اور زندگی خوبصورت ہے۔
واضح رہے کہ راج انادکٹ اور مونمون دتہ کی ڈیٹنگ کی افواہیں سال 2021 سے زیرِ گردش ہیں تاہم، دونوں اداکاروں نے اس خبر کی تردید کرتے ہوئے ایسی خبریں پھیلانے والوں پر تنقید کی تھی۔
دوسری جانب بھارتی میڈیا کی جانب سے یہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ ’تارک مہتا کا اُلٹا چشمہ‘ کے سیٹ پر موجود ہر شخص کو معلوم تھا کہ راج انادکٹ اور مونمون دتہ رومانوی تعلقات میں ہیں اور کچھ لوگوں کو یقین تھا کہ یہ دونوں بہت جلد شادی بھی کر لیں گے۔