رمضان کے پہلے ہفتے میں مسجد نبویؐ میں آنیوالے زائرین کی تعداد 50 لاکھ سے زائد


مکہ المکرمہ(قدرت روزنامہ) حرمین شریفین انتطامیہ کا کہنا ہے کہ رمضان المبارک کے پہلے ہفتے میں مسجد نبویؐ میں آنے والے زائرین کی تعداد پچاس لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے جنہیں سہولیات فراہم کرنے کے حوالے سے مختلف اقدامات بھی کیے گئے۔
جنرل اتھارٹی برائے امور مسجد نبویؐ کی جانب سے جاری رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران 52 لاکھ 25 ہزار 231 زائرین کی مسجد نبویؐ آمد ہوئی، زائرین میں 149149 تحفائف بھی تقسیم کیے گئے۔
رپورٹ کے مطابق 414878 زائرین نے روضہ رسولﷺ پر سلام پیش کیا، 134447 مرد اور 107697 خواتین نے ریاض الجنہ میں نماز ادا کی جبکہ گزشتہ ہفتے کے دوران ہیلپ لائن پر 648411 کالز موصول ہوئیں جن پر انتظامیہ کی جانب سے زائرین کی رہنمائی کی گئی۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مسجد نبویؐ کے اندرونی حصے سمیت بیرونی حصے میں بھی افطار کے خصوصی انتظامات کیے جاتے ہیں، ماہ صیام کے پہلے ہفتے کے دوران 144000 زمزم کی بوتلیں اور 15243 افطار بوکس تقسیم کیے گئے۔
اس کے علاوہ مختلف ملکوں سے تعلق رکھنے والے 110412 زائرین نے مسجد نبویؐ میں ترجمہ کی سہولت سے بھی فائدہ اٹھایا جبکہ 10482 بزرگ اور معذور افراد نے جنرل اتھارٹی برائے امور مسجد نبویؐ کی جانب سے ان کے لیے مخصوص خدمات کو استعمال کیا۔