اتحادیوں کے درمیان اختلاف نہیں، بلوچستان کابینہ جلد تشکیل دیدی جائے گی: سرفرار بگٹی
کوئٹہ(قدرت روزنامہ)وزیراعلی بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا کہ اتحادیوں کے درمیان اختلاف نہیں، بلوچستان کابینہ جلد تشکیل دیدی جائے گی۔وزیراعلی بلوچستان سرفراز بگٹی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے مسائل بہت پیچیدہ ہیں، مل کر حل کریں گے، کرپشن بلوچستان کا سب سے بڑا مسئلہ ہے، موسمیاتی تبدیلیوں کا چیلنج درپیش ہے، وفاق کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔سرفراز بگٹی نے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی بحالی کے منصوبے پر جلد کام شروع ہوگا، بدقسمتی سے سیلاب متاثرین کی بحالی کے لئے 4 سو ملین کے منصوبے کا پراجیکٹ ڈائریکٹر نہیں بنایا گیا تھا، سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی بحالی کے لئے پراجیکٹ ڈائریکٹر تعینات کردیا ہے۔وزیراعلی بلوچستان نے کہا کہ اس پراجیکٹ کے تحت سیلاب متاثرین کے گھر تعمیر کئے جائیں گے، مافیا نے بلوچستان کو اپنے شکنجے میں جکڑ رکھا ہے، صحت اور تعلیم کے شعبہ پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے، ہیلتھ کارڈ کے ذریعے جعلی بلز بنانے کی شکایات موصول ہورہی ہیں جلد اس پر قابو پائیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان کابینہ جلد تشکیل دے دی جائے گی، کابینہ کی تشکیل کے حوالے سے اتحادیوں کے درمیان اختلافات نہیں، مشاورت جاری ہے، کابینہ کی تشکیل کے حوالے سے جو فارمولا طے ہوا ہے اسی پر عمل ہوگا، لاپتہ افراد کا مسلئہ سیاسی بنادیا گیا ہے۔سرفراز بگٹی نے کہا کہ وائس فارمسنگ پرسنز، لواحقین اور سردار اختر مینگل کے کمیشن کے اعداد و شمار میں بہت فرق ہے، لاپتہ افراد کے مسئلہ کو حل کرنا چاہتے ہیں، صوبے کے نوجوانوں کو ہنر مند بناکر بیرون ملک روزگار کے لئے بھجوائیں گے۔وزیراعلی نے مزید کہا کہ ایک ہزار نوجوانوں کو ایک سال کے دوران بیرون ممالک بھجوائیں گے، بلوچستان کا مسئلہ غربت، بے روزگاری ہے، پڑھے لکھے نوجوان دہشت گردوں کے چنگل میں پھنس جاتے ہیں۔