صوبائی حکومت صحافی عبدالواحد رئیسانی کے ورثا کو انصاف کی فراہمی یقینی بنائے، بی یو جے
کوئٹہ(قدرت روزنامہ)بلوچستان یونین آف جرنلسٹس نے صحافی عبدالواحد رئیسانی قتل کیس میں پولیس پراسیکیوشن کی جانب سے ناقص تحقیقات اور مرکزی ملزم کی عدم گرفتاری کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے حکومت بلوچستان اور آئی جی پولیس بلوچستان سے کیس کی ازسر نو تحقیقات اور صحافی کے خاندان کو فوری انصاف اور تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ بلوچستان یونین آف جرنلسٹس نے اپنے ایک جاری بیان میں پولیس پراسیکیوشن کی جانب سے صحافی قتل کیس کو ثابت نہ کرنے کو نااہلی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ تمام تر ثبوتوں اور گواہوں کے باوجود ملزمان کو کیفرکردار تک نہیں پہنچایا گیا۔ علاوہ ازیں مقدمے کا اہم اور مرکزی ملزم بھی ڈھائی سال سے گرفتار نہیں ہوسکا ہے۔ بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کے صدر خلیل احمد نے میڈیا ورکرز کے حقوق کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم آج بھی صحافی کے خاندان کے ساتھ کھڑے ہیں، متاثرہ خاندان کی ہر ممکن معاونت کی جائے گی، بلوچستان یونین آف جرنلسٹس اپنے ورکرز کے حقوق کے لئے قانونی جنگ جاری رکھے گی، ملوث ملزمان کو فوری گرفتار کیا جائے تاکہ متاثرہ خاندان کو انصاف مل سکے۔ حکومت اور آئی جی پولیس کیس کے محرکات کا جائزہ لے اور ذمہ دار افراد کے خلاف کارروائی کرے۔