اسلام آباد

یقین ہے متحد ہو کر ہم تمام رکاوٹوں کو عبور کر لیں گے، صدر اور وزیراعظم کا یوم پاکستان پر پیغام


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)صدر پاکستان آصف علی زرداری نے یوم پاکستان پر اپنے پیغام میں کہا کہ یقین ہے کہ ہم متحد ہو کر تمام رکاوٹوں کو عبور کر لیں گے۔
یوم پاکستان کے موقع پر صدر پاکستان نے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج ہم تاریخی قرارداد پاکستان کی منظوری کی یاد منا رہے ہیں، 23 مارچ 1940 کو ہماری عزیر قوم اور ایک آزاد وطن کی تعمیرکی بنیاد رکھی گئی۔
صدر مملکت نے کہا کہ آئیے آج ہم اپنےگزشتہ سفر پر غور کریں، اپنی کامیابیوں کا جشن منائیں، ایک خوشحال اور متحد پاکستان کیلئے اپنے عزم کا اعادہ کریں، 1940 کی قرارداد پاکستان ہماری تاریخ میں ایک اہم موڑ کی حیثیت رکھتی ہے، اس قرارداد سے 14 اگست 1947 کوپاکستان کے قیام کا راستہ ہموار ہوا، قائداعظم اور ساتھیوں نے علامہ اقبال کے خواب کو حقیقت میں ڈھالنے کیلئے انتھک محنت کی، آج کے دن ہم ان کےعزم اور قربانیوں کا اعتراف کرتے ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ آزادی سے لے کر اب تک کے سفر میں ہم نے مختلف شعبوں میں نمایاں کامیابیاں حاصل کیں اور ہماری مسلح افواج، سول انتظامیہ اور پولیس نے قوم کی سلامتی اور خودمختاری کویقینی بنایا۔
آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ پوری قوم جمہوریت، انصاف اور مساوات کیلئے اپنے عزم کا اعادہ کرے، مجھے یقین ہے ہم متحد ہو کر تمام رکاوٹوں کو عبور کریں گے، پیارے پاکستان کیلئے ایک بہتر اور روشن مستقبل کی جانب گامزن ہوں گے۔
یوم پاکستان پر وزیر اعظم شہباز شریف کا پیغام
اس موقع پر وزیر اعظم شہباز شریف نے بھی پیغام دیتے ہوئے کہا کہ 23 مارچ ہماری تاریخ کا ایک اہم دن ہے، 1940 میں اسی دن قرار داد لاہور کے ذریعے علیحدہ وطن کا مطالبہ کیا گیا، لاکھوں مسلمانوں نے ہندوستان میں اپنے گھر بار چھوڑ کر پاکستان ہجرت کرنےکا فیصلہ کیا اور ہمارے آباؤ اجداد نے پاکستان کیلئے بےمثال قربانیاں دیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان بنا تو نئی ریاست کو بے پناہ چیلنجوں کا سامنا کرنا پڑا، سماجی، اقتصادی ڈھانچے، ریاستی اداروں کی تشکیل اور مہاجرین کی آبادکاری بڑے چیلنج تھے، نئی ریاست کو انتہائی کم وسائل کے ساتھ اپنے سفر کا آغاز کرنا پڑا، قائداعظم کی ولولہ انگیز قیادت میں آزاد جمہوری ریاست کی بنیاد رکھی گئی۔
وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستانی عوام نے 8 فروری 2024 کے انتخابات میں اپنے نمائندوں کو منتخب کیا، الیکشن کے نتیجے میں وفاقی اور صوبائی سطح پر حکومتیں وجود میں آ چکی ہیں، ہم پاکستان کو درپیش سنگین چیلنجوں سے پوری طرح آگاہ ہیں، مہنگائی، بےروزگاری، گردشی قرضہ، مالیاتی اور تجارتی خسارہ، دہشت گردی چیلنج ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بحیثیت قوم ہم نے غیرمعمولی حالات کا مقابلہ کرتے ہوئے ثابت قدمی کا مظاہرہ کرنا ہے، ایک مربوط پالیسی اصلاحات کے فریم ورک کے ساتھ پاکستان کو معاشی بحالی اور خوشحالی کی راہ پرگامزن کرنےکیلئے پرعزم ہیں، امید ہے ان اقدامات سے معاشی استحکام آئے گا اور ہم مہنگائی پر قابو پالیں گے۔
وزیراعظم نے اپنے پیغام کے آخر میں کہا کہ آئیے آج کے دن پاکستان کو امن، ترقی اور استحکام کا گہوارہ بنانے کے اپنے عزم کی تجدیدکریں۔

متعلقہ خبریں