ڈی ایچ اے کوئٹہ میں عوام کی آبائی زمینوں پر قبضے کررہی ہے، پشتونخوا نیپ
کوئٹہ(قدرت روزنامہ)پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے صوبائی پریس ریلیز میں ڈی ایچ اے کی جانب سے نورک سلیمانخیل میں مقامی قبائل کی زمینوں پر قبضے کیلئے سروے کرنے اور پولیس کی مدد سے عوام کو ہراساں، تھانے میں بند کرنے اور انکے خلاف مقدمات درج کرنے کی پرزور مذمت کرتے ہوئے حکومت سے ان ناجائز ہتھکنڈوں کو پوری طور پر روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔ بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ اگر ڈی ایچ اے نے بلیک میلنگ، دباﺅ اور دیگر غیرقانونی حربوں کے ذریعے عوام کی جدی پشتی زمینوں پر قبضے سے دستبرداری اختیار نہ کی تو دیگر جمہوری قوتوں اور عوام کی مدد سے سخت ردعمل دیا جائیگا اور کسی بھی نتائج کی ذمہ داری اس ادارے پر ہی عائد ہوگی۔ بیان میں معزز سپریم کورٹ کے ریمارکس کا حوالہ دیتے ہوئے عسکری اداروں کی کاروباری امور میں حصہ داری اور خصوصا زمینوں کے لین دین میں ملوث ہونے پر سخت ناپسندیدگی کا اظہار کیا گیا ہے لیکن عسکری ادارے ملک کے اعلی عدلیہ کے ریمارکس کو ارادتا نظرانداز کرکے اپنے دائرہ کار اور دائرہ اختیار سے نکل کر غیر آئینی و غیر قانونی طور پر نہ صرف زمینیں ہتھیانے کا کاروبار جاری رکھے ہوئے ہیں بلکہ سول فورسز کو غیرقانونی طور پر عوام کو تنگ کرنے کیلئے استعمال کرکے عوام دشمنی اور جرم کے مرتکب ہو رہے ہیں جسکی اجازت نہیں دی جاسکتی اور نہ ہی اس ناجائز عمل کو مزید برداشت کیا جا سکتا ہے۔ بیان میں سول انتظامیہ اور پولیس کو ڈی ایچ اے کیلئے عوام کو غیرقانونی طور پر تنگ کرنے اور انہیں رمضان کے اس مقدس مہینے میں قید کرنے اور ایف آئی آر درج کرنے پر متنبہ کرتے ہوئے عوام دشمن اقدامات سے اجتناب کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ بیان میں جعلی صوبائی حکومت میں شامل پارٹیوں کو عوامی حقوق کی پامالی پر آنکھیں بند کرکے مقامی قبائل کی زمینوں پر قبضے میں حصہ بننے پر عوام کے احتساب کا سامنا کرنا پڑے گا۔