طلحہ محمود نے جے یو آئی چھوڑ کر پیپلز پارٹی میں کیوں شمولیت اختیار کی؟


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)سابق وفاقی وزیر اور سابق سینیٹر طلحہ محمود نے جمیعت علمائے اسلام کو چھوڑ کر پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی ہے، وہ 3 مرتبہ جمیعت علمائے اسلام کے خیبرپختونخوا سے سینیٹر منتخب ہو چکے ہیں۔ اور سینیٹ میں جے یو آئی کہ پارلیمانی لیڈر بھی رہ چکے ہیں۔
8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات میں طلحہ محمود نے جے یو آئی کے ٹکٹ پر قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 1 چترال سے انتخاب لڑا تاہم وہ کامیاب نہ ہو سکے، 11 مارچ کو اپنی 6 سالہ مدت مکمل کرکے ریٹائر ہونے والے سینیٹرز کی فہرست میں طلحہ محمود بھی شامل تھے۔
’وی نیوز‘ نے یہ جاننے کی کوشش کی کہ جے یو آئی کے سینیئر رہنما اور مولانا فضل الرحمٰن کے قریب سمجھے جانے والے طلحہ محمود نے اپنی پارٹی جے یو آئی کو چھوڑ کر پیپلز پارٹی میں کیوں شمولیت اختیار کی؟ ذرائع نے ’وی نیوز‘ کو بتایا طلحہ محمود کو اس مرتبہ جے یو آئی کی جانب سے سینٹ کا ٹکٹ جاری ہونے کا امکان نہیں تھا، اس لیے گزشتہ ایک ماہ سے وہ پیپلز پارٹی سے رابطے میں تھے۔
طلحہ محمود نے پریس کانفرنس میں بھی بتایا کہ ان کی صدر آصف زرداری سے طویل ملاقات ہوئی جس میں انہیں پیپلز پارٹی میں شمولیت کی دعوت دی گئی جو انہوں نے سوچ بچار کے بعد قبول کی۔
ذرائع نے بتایا کہ طلحہ محمود اور پیپلز پارٹی کی قیادت کے ساتھ ہونے والی ملاقاتوں میں راجہ پرویز اشرف نے بھرپور کردار ادا کیا ہے جبکہ طلحہ محمود کو 2 اپریل کو ہونے والے سینٹ انتخاب کے لیے پیپلز پارٹی کے ٹکٹ کی یقین دہانی بھی کرائی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق طلحہ محمود کو پیپلز پارٹی خیبر پختون خوا سے سینیٹر منتخب کرائے گی۔ پیپلز پارٹی رہنما فیصل کریم کنڈی نے طلحہ محمود کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی طلحہ محمود کی سیاسی بصیرت سے فائدہ اٹھائے گی، ان کے پارٹی میں آںے سے خیبرپختونخوا سے اور بھی دوست ہمارے ساتھ شامل ہوں گے اور پیپلزپارٹی کو خیبرپختونخوا میں مضبوط کریں گے۔