بھارتی سیکیورٹی فورسز نے آپریشن کی آڑ میں خواتین سمیت 13 افراد کو قتل کردیا
نئی دہلی(قدرت روزنامہ)بھارتی سیکیورٹی فورسز کے ریاست چھتیس گڑھ میں 8 گھنٹے تک جاری رہنے والے آپریشن میں 3 خواتین سمیت 13 افراد ہلاک ہوگئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست چھتیس گڑھ کے علاقے بیجاپور میں ڈسٹرکٹ ریزرو گارڈ، اسپیشل ٹاسک فورس، سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) اور کمانڈو بٹالین فار ریزولوٹ ایکشن (کوبرا) نے نیکسل باغیوں کے خلاف آپریشن کیا۔
گھنے جنگل میں صبح 6 بجے سے شروع میں ہونے والے سیکیورٹی آپریشن کے بعد اب بھی لاشیں ملنے کا سلسلہ جاری ہے۔ مزید 3 لاشیں ملنے کے بعد اب تک ملنے والی لاشوں کی تعداد 13 لاشیں ہیں۔
سیکیورٹی فورسز نے دعویٰ کیا ہے کہ مارے جانے والے تمام افراد علیحدگی پسند ماؤ نواز تھے۔ نیکسل باغیوں کے خلاف یہ بہت بڑی کامیابی ہے اور ایسی کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی۔
یاد رہے کہ 27 مارچ کو بھی پولیس سے مقابلے میں 6 عسکریت پسند ماؤنواز نیکسل باغیوں کو ہلاک کردیا گیا تھا۔ اس طرح ایک ہفتے میں یہ تعداد 19 اور رواں برس اب تک 43 ہوچکی ہے۔