’خواتین اور مکھیاں ایک جیسی ہوتی ہیں‘ خواتین کو مکھیوں جیسا قرار دینے پر اداکار عدنان صدیقی تنقید کی زد میں
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)سینیئر اداکار عدنان صدیقی کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے جس میں انہیں خواتین اور مکھیوں کو ایک جیسا کہنے پر سخت تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
نجی ٹی وی چینل اے آر وائی کی میزبان ندا یاسر کے شو میں اداکار عدنان صدیقی نے مکھیوں اور خواتین کو اس وقت ایک جیسا قرار دیا جب ان کے ہاتھ پر ایک مکھی آکر بیٹھی۔ اداکار نے بات کرنے سے قبل معافی مانگی اور کہا کہ اب جو وہ بات کرنے والے ہیں، خواتین اس کا برا نہ مانیں۔
عدنان صدیقی نے کہا ’مکھیوں اور خواتین کی مثال ایک جیسی ہے‘۔ خواتین کے جتنا پیچھے پڑا جائے وہ اتنا دور بھاگتی ہیں اور جب انسان ہاتھ پر ہاتھ رکھ کر خاموشی سے بیٹھ جاتا ہے تو خواتین مکھی کی طرح ہاتھ پر آکر بیٹھ جاتی ہیں‘۔
اداکار نے مزید کہا کہ وہ جب مکھی کو پکڑنے کی کوشش کر رہے تھے، وہ بھاگ گئی لیکن جیسے ہی وہ خاموش بیٹھے تو مکھی ان کی ناک پر آکر بیٹھ گئی۔
سینیئر اداکار کی جانب سے مکھیوں اور خواتین کو ایک جیسا قرار دیے جانے پر صارفین کی جانب سے انہیں سخت تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے اور ان کی بات کو انتہائی نا مناسب قرار دیا جا رہا ہے۔
ایک صارف نے لکھا کہ عدنان صدیقی جتنے اچھے ایکٹر ہیں، اتنی ہی فضول باتیں کرتے ہیں۔
کئی صارفین نے کہا کہ ان جیسے اداکاروں کو بھی تمغہ امتیاز ملا ہے جبکہ ایک ایکس صارف نے لکھا کہ یہ بھی خود کو فخر سے مرد پکارتے ہیں جن کی ہر بات عورت سے مقابلے اور ان کی تذلیل پر ہی شروع اور ختم ہوتی ہے۔