عمران خان کو جیل میں میسر سہولیات کی تفصیلات سامنے آگئیں
لاہور(قدرت روزنامہ)بانی پی ٹی آئی عمران خان کو جیل میں میسرسہولیات سےمتعلق رپورٹ لاہور ہائیکورٹ میں جمع کروادی گئی۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کو 7 سیلز پر مشتمل سکیورٹی وارڈ میں رکھا گیا ہے، 7 میں سے 2 سیل بانی پی ٹی آئی کے زیر استعمال ہیں، 5 سیل سکیورٹی کی وجوہات کی بنا پر بند رکھے گئے ہیں، ان سیلز کے صحن کو عمران خان چہل قدمی کے لیے استعمال کرتے ہیں، بانی پی ٹی آئی کے سیل تک کسی کی رسائی بہت محدود ہے، کوئی بھی شخص بغیر اجازت وہاں تک نہیں پہنچ سکتا۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے وارڈ کی حفاظت کے لیے پیشہ ور تربیت یافتہ افراد مامورہیں، اڈیالہ جیل میں 10 قیدیوں پر ایک اہلکار تعینات ہے، بانی پی ٹی آئی کے لیے 15 اہلکار تعینات ہیں، جن میں سے دو سکیورٹی افسران ہیں، 3 اہلکار بانی پی ٹی آئی عمران خان کی سکیورٹی کے لیے لگائے گئے سی سی ٹی وی کیمروں پر مامورہیں، بانی پی ٹی آئی کی سکیورٹی پر ماہانہ 12 لاکھ روپے کا خرچ آتا ہے، ان کی سکیورٹی کے لیے لگائے گئے کیمروں پر 5 لاکھ روپے کا خرچ آیا۔
عمران خان کے کھانے سے متعلق رپورٹ میں کہا گیا کہ ان کے کھانے کے لیے سپیشل قواعد و ضوابط تشکیل دیے گئے ہیں، بانی پی ٹی آئی کو صحت افزا کھانا مہیا کیا جاتا ہے جو کہ ایک سپیشل کچن میں بنتا ہے، عمران خان کا کھانا اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ جیل کی نگرانی میں تیار کیا جاتا ہے، بانی پی ٹی آئی کو کھانا فراہم کرنے سے قبل ایک میڈیکل افسر یا ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ جیل اس کا معائنہ کرتا ہے، جیل کے میڈیکل افسر کے علاوہ راولپنڈی کے ایک ہسپتال کے 6 میڈیکل افسران بانی پی ٹی آئی کے میڈیکل ٹریٹمنٹ کے لیے تعینات ہیں، راولپنڈی کے ایک دوسرے ہسپتال کے سپیشلسٹ کی ٹیم جیل کا ہفتہ وار دورہ کرتی ہے، سپیشلسٹ کی ٹیم ضرورت پڑنے پر بانی پی ٹی آئی عمران خان کا چیک اپ کرتی ہے۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کو چہل قدمی کے لیے جیل میں ایک خاص جگہ فراہم کی گئی ہے، بانی پی ٹی آئی کو جیل میں ورزش کے لیے مشین اور دیگر اشیا فراہم کی گئی ہیں، ملاقات کے لیے آنے جانے کے لیے بانی پی ٹی آئی کے حوالے سے اہم قوائد و ضوابط بنائے گئے ہیں، بانی پی ٹی آئی کے جیل ٹرائل کے دوران، ایک جامع سکیورٹی پلان پر عملدرآمد کیا جاتا ہے، اڈیالہ جیل کی حفاظت کے لیے پولیس، رینجرز سمیت مختلف محکموں نے فرضی مشقیں بھی کیں، اڈیالہ جیل کی جانب جانے والے روڈ پر پولیس کی اضافی نفری تعینات ہے، اڈیالہ جیل کے ارد گرد رینجرز اور ایلیٹ فورس کے اہلکار گشت کرتے ہیں۔