شطرنج کی بین الاقوامی تنظیم 100سال مکمل ہونے پر کون سا ریکارڈ بنائے گی؟


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)شطرنج کی بین الاقوامی تنظیم فائیڈ (FIDE) دنیا بھر سے شطرنج کے منتظمین، کلبوں اور کھلاڑیوں کو مدعو کر رہی ہے تاکہ وہ 24 گھنٹوں میں کم از کم 10 لاکھ بازیوں کے ساتھ گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم کرنے میں مدد کریں۔ یہ کوشش 20 جولائی 2024 کو کی جائے گی، جس تاریخ کو ’فائیڈ‘ باضابطہ طور پر 100 سال کی ہو جائے گی۔
آج سے ٹھیک 100 دنوں میں 20 جولائی کو ’فائیڈ‘ فرانس کے دارالحکومت پیرس میں تنظیم کے باضابطہ قیام کے 100 سال مکمل ہونے پر جشن منائے گی۔ صد سالہ سالگرہ کا مقصد دنیا بھر میں شطرنج کے موجودہ اور نئے شائقین کے لیے بہت سے مختلف پروگراموں کا انعقاد کرنا ہے۔ چاہے وہ اسکول کے بچے ہوں، پناہ گزین ہوں، جیلوں میں قید افراد ہوں، خیراتی ادارے ہوں، کلب کے کھلاڑی ہوں، یا کھیل میں نئے آنے والے ہوں۔
دنیا بھر میں فائیڈ کی صد سالہ مشعل ریلی بھی جاری ہے جس میں بھارت، سوئٹزر لینڈ اور گھانا پہلے ہی حصہ لے رہے ہیں اور دنیا بھر کے دیگر مقامات پر بھی قطاریں لگی ہوئی ہیں۔ بین الاقوامی شطرنج فیڈریشن شطرنج کی دنیا کے لیے ایک نیا سنگ میل قائم کرنے کے لیے گنیز ورلڈ ریکارڈز کے ساتھ شراکت داری کر رہی ہے، جس میں ایک دن میں کم از کم 10 لاکھ بازیاں کھیلی جائیں گی۔
ہر گیم (بازی) کے معیار کو یقینی بنانے کے لیے، ’فائیڈ‘ اس بات کو یقینی بنانے کے لیے قواعد وضع کرے گا کہ آن لائن اور آف لائن دونوں طرح کے تمام گیمز کو صحیح طریقے سے رجسٹرڈ یا کنٹرول کیا جائے اور بروقت گنیز ورلڈ ریکارڈ آفس کو رپورٹ کی جاسکے۔ اس حوالے سے مزید تفصیلات کا اعلان یکم مئی کو کیا جائے گا۔