اسلام آباد(قدرت روزنامہ) سیکرٹری وفاقی تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت محی الدین وانی نے خود سرکاری تعلیمی اداروں میں جھاڑو لگا کر خصوصی صفائی مہم کا آغاز کردیا . سیکرٹری وفاقی تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت محی الدین وانی کا کہنا ہے کہ صفائی مہم محض ایک دن کی سرگرمی نہیں بلکہ ایک مستقل عمل اور طرز زندگی ہے .
اگر ہم اپنے اسکولوں کو صاف نہیں رکھ سکتے تو ہم اپنی برادریوں کو کیسے صاف رکھ سکتے ہیں .
محی الدین وانی کا مزید کہنا تھا کہ جیسے ہم اپنے گھروں کو صاف ستھرا رکھتے ہیں بالکل ویسے ہی اپنے اسکولوں کی صفائی پر بھی توجہ دینی چاہیے . اس طرح ہمیں ہمارے اسکولوں پر بھی اپنے گھروں جیسا فخر ہوگا . یاد رہے کہ اس حوالے سے گزشتہ روز سیکرٹری وفاقی تعلیم کی جانب سے وفاقی نظامت تعلیمات (ایف ڈی ای ) کو جاری مراسلےمیں کہا گیا تھا کہ اسکولوں میں صفائی پر خصوصی توجہ مرکوز رکھی جائے .
مراسلے میں ہدایت کی گئی تھی کہ صفائی مہم کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کی جائیں، اس طرح یہ ایک باقاعدہ منظم سرگرمی بن جائے گی اور لوگ اس تحریک سے جڑتے جائیں گے .
مراسلے میں بتایا گیا تھا کہ سیکرٹری وفاقی تعلیم اسکولوں میں صفائی مہم کی خود نگرانی کریں گے اور حوصلہ افزائی کے لیے تعلیمی اداروں کا دورہ بھی کریں گے . متعلقہ حکام کو روانہ کی بنیاد پر اس حوالے سے اٹھائے جانے والے اقدامات کی تصاویر بھیجنے کی ہدایت بھی کی گئی .