’’ کیا ہم کسی دشمن ملک میں رہ رہے ہیں؟‘‘ ہراساں کیے جانے پر بھارتی اداکارہ پھٹ پڑی


بنگلورو(قدرت روزنامہ)کنڑ فلموں کی معروف اداکارہ ہرشیکا پونچھا ریسٹورنٹ کی پارکنگ میں اپنی فیملی کے ساتھ نامعلوم افراد کی جانب سے ہراساں اور لوٹ مار کی کوشش کیے جانے پر پھٹ پڑیں اور کہا کہ کیا ہم کسی دشمن ملک میں رہ رہے ہیں۔
ہرشیکا پونچھا نے اپنے انسٹاگرام پر کی گئی پوسٹ میں اس واقعے کی ویڈیو شیئر کی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اداکارہ اپنے شوہر اور دیگر اہلخانہ کے ساتھ کار میں بیٹھی ہوئی ہیں اور باہر موجود کئی افراد ان سے بحث اور چھینا جھپٹی کی کوشش کررہے ہیں۔
اس خوفناک واقعے کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے اداکارہ نے اپنی پوسٹ میں لکھا ہے کہ وہ پلی کیشی نگر کے ایک ریسٹورنٹ میں اپنی فیملی کے ساتھ ڈنر کرنے آئی تھیں، جب وہ واپس جانے کیلیے اپنی کار میں بیٹھے تو اوباش قسم کے مردوں کا ایک گروپ ان سے بلاوجہ الجھنے لگا، ایک شخص نے ان کے شوہر کو منہ پر مکا مارنے کی کوشش کی اور کہا کہ ان مقامی کنڑوں کو سبق سکھانا پڑے گا۔
اداکارہ کا کہنا ہے کہ کچھ ہی دیر میں ان کی کار کے اطراف تیس کے قریب آدمی جمع ہوگئے اور سب ہمیں مغلظات بک رہے تھے، انہوں نے میرے شوہر کی سونے کی چین بھی چھیننے کی کوشش کی۔
یہ دیکھ کر ہرشیکا پونچھا نے مقامی تھانے کے ایک شناسا پولیس افسر کو کال کی جس کے بعد یہ ہجوم ایک ایک کرکے غائب ہوگیا، مگر پولیس افسر کی جانب سے انہیں کوئی مدد نہیں ملی۔
اسی اثنا میں ہرشیکا کچھ ہی فاصلے پر موجود پولیس کی گاڑی تک پہنچیں اور اندر موجود اے ایس آئی سے تمام واقعہ بیان کیا مگر اس نے کوئی توجہ نہیں دی، اور بے پروائی سے جوس پینے میں مگن رہا۔
اداکارہ نے لوگوں اور پولیس کے اس رویے پر شدید غصے کا اظہار کرتے ہوئے اپنی پوسٹ میں لکھا ہے کہ کیا ہم کسی دشمن ملک میں رہ رہے ہیں؟
پولیس کا اس واقعے کے بارے میں کہنا ہے کہ یہ واقعہ دو اپریل کو پیش آیا تھا جس کے بعد ہم نے متعلقہ افراد سے رابطہ کیا تھا مگر انہوں نے کوئی شکایت درج نہیں کرائی اور مزید وقت مانگ لیا، اور ہم اب تک ان کی جانب سے باقاعدہ شکایت درج کرائے جانے کا انتظار کررہے ہیں۔
ہرشیکا پونچھا کا کہنا ہے کہ انہوں نے اپنی فیملی کے تحفظ کے خیال سے پولیس میں اپنے ساتھ پیش آئے اس خوفناک واقعے کی رپورٹ درج نہیں کرائی۔
ہرشیکا پونچھا ساؤتھ انڈین فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ ہیں اور اب تک 30 سے زائد فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھاچکی ہیں۔