یواے ای میں بارشیں، پاکستانی خاندان کا بچوں کی کتابوں سمیت سب کچھ تباہ ہوگیا
شارجہ(قدرت روزنامہ)متحدہ عرب امارات میں ہونیوالی طوفانی بارشوں نے ایک پاکستانی فیملی کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچایا۔ گھر میں بھر جانے والے پانی نے فرنیچر کو خراب کردیا، گھریلو آلات ناکارہ بنا ڈالے اور اسکول کی کتابیں کاپیاں بھی قابلِ استعمال نہ رہیں۔
آج نیوز کے مطابق 6 سالہ آصف اور اس کا 12 سالہ بھائی عامر عیدالفطر کی تعطیلات کے بعد اسکول کھلنے کا انتظار کر رہے تھے۔ وہ نئی جماعت میں گئے تھے اور ان کی والدہ صائمہ نے، جس کا تعلق کراچی سے ہے، ان کے لیے نئی درسی کتابیں، کاپیاں اور اسکول بیگ خریدے تھے۔
بچوں کے اسکول کے خواب اس وقت چکناچور پڑے ہیں۔ 16 اپریل کو شارجہ کے علاقہ السابقہ میں ان کے مکان میں بارش کا پانی بھرگیا۔ فیملی نے عجمان میں اپنے ایک جاننے والے کے ہاں پناہ لی۔
گھر میں بھر جانے والے بارش کے پانی نے گھر کے اندر کسی بھی چیز کو سلامت نہ رہنے دیا۔ کئی دن تک پانی میں رہنے سے فرنیچر تباہ ہوگیا۔ گھریلو آلات بھی ناکارہ ٹھہرے اور درسی کتابیں کاپیاں بھی پانی میں بھیگ کر کسی کام کی نہ رہیں۔جب یہ فیملی واپس آئی تو دیکھا کہ گھر میں تو گھٹنوں گھٹنوں پانی کھڑا ہے، گھر کا سربراہ عجمان میں معمولی سے ملازمت کرتا ہے اور یہ فیملی بمشکل گزارا کر پاتی ہے۔