‘تارک مہتا کا اُلٹا چشمہ’ کا روشن سنگھ سوڈھی لاپتہ، شکایت درج


نئی دہلی(قدرت روزنامہ)مشہور زمانہ بھارتی ڈرامہ ‘تارک مہتا کا اُلٹا چشمہ’ میں روشن سنگھ سوڈھی کے کردار سے شہرت پانے والے گروچرن سنگھ لاپتہ ہوگئے، والد نے پولیس میں شکایت درج کروادی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اداکار گروچرن سنگھ رواں ماہ 22 اپریل سے لاپتہ ہیں، اُن کے والد نے اپنے بیٹے کی گمشدگی کی شکایت نئی دہلی کے پالم ایریا تھانے میں درج کروائی ہے۔
گروچرن سنگھ کے والد ہرگیت سنگھ نے بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ اچانک اپنے بیٹے کے لاپتہ ہونے پر بےحد پریشان ہیں جبکہ اُن کی والدہ کی طبیعت بھی ناساز ہے۔
اداکار کے والد نے کہا کہ گروچرن کی والدہ طبعیت ناسازی کی وجہ سے اسپتال میں داخل تھیں لیکن اب اُنہیں گھر لے آیا گیا ہے جہاں اُن کی دیکھ بھال جاری ہے تاکہ وہ جلد از جلد صحتیاب ہوسکیں۔
ہرگیت سنگھ نے کہا کہ ایس ایچ او نے ذاتی طور پر اُنہیں فون کرکے یقین دلایا کہ وہ جلد اُن کے بیٹے اور اداکار گروچرن سنگھ کو تلاش کر لیں گے۔
گروچرن سنگھ کے والد کے مطابق دہلی پولیس اہلکار اُن کے ساتھ پوری طرح تعاون کررہے ہیں اور واقعے کی تحقیقات بھی شروع کردی گئی ہے۔
اداکار کے والد نے اپنے بیٹے کی واپسی کے لیے دُعا کرتے ہوئے مزید کہا کہ وہ اُمید کرتے ہیں کہ اُن کا بیٹا جہاں کہیں بھی ہوگا بالکل ٹھیک ہوگا۔