راشد لطیف نے ٹیم کی توجہ منتشر ہونے کا اشارہ دیدیا
لاہور(قدرت روزنامہ)راشد لطیف نے ٹیم کی توجہ منتشر ہونے کا اشارہ دیدیا،سابق کپتان کا کہنا ہے کہ اگر میدان سے باہر کھیل رہے ہوں تو میچ میں پرفارم کرنے کے قابل نہیں ہوتے، رمیز راجہ نے کہا ہے کہ نام نہاد تجربات کا سلسلہ جاری ہے،کھلاڑی وہی مگر پوزیشنز تبدیل کردی گئیں۔
محمد حفیظ کا کہنا ہے کہ بابر اعظم اور محمد رضوان پوری ٹیم کا بوجھ نہیں اٹھاسکتے۔ تفصیلات کے مطابق نوآموز کیوی کرکٹرز کے ہاتھوں گرین شرٹس کی مسلسل 2شکستوں پر سابق کرکٹرز نے مایوسی کا اظہار کیا ہے،ایک انٹرویو میں سابق کپتان راشد لطیف نے کہا ہے کہ اگر آپ میدان سے باہر کھیل رہے ہوں تو میچ میں پرفارم کرنے کے قابل نہیں ہوتے،میں یہ بات یقینی طور پر کہہ رہا ہوں،امید ہے کہ لوگ سمجھیں گے میں کیا کہنے کی کوشش کررہا ہوں۔
سابق کپتان رمیز راجہ نے کہا ہے کہ نام نہاد تجربات کا سلسلہ جاری ہے، کھلاڑی وہی ہیں مگر ان کی پوزیشنز تبدیل کردی گئی ہیں، چند ایک کو بنچ پر بٹھادیا، دیگر کو موقع دیا جارہا ہے، ٹی 20ورلڈکپ سے قبل یہ بہت اہم ہے کہ پاکستان ٹیم پنچ اسٹرینتھ کو آزمانے کے جواز تراشنے کے بجائے فتوحات کے ٹریک پر گامزن ہونے پر توجہ دے۔
انھوں نے کہا کہ مختلف کھلاڑیوں کو آزمانے کا مقصد ہے کہ اگر کارکردگی معیار سے کم تر رہے تو شکست کو گوارا بنانے کا بہانہ تلاش کیا جاسکے، سابق کپتان محمد حفیظ کا کہنا ہے کہ بابر اعظم اور محمد رضوان پوری ٹیم کا بوجھ نہیں اٹھاسکتے، دونوں اچھے پلیئرز ہیں مگر پوری ٹیم نہیں۔
یاد رہے کہ پہلا میچ بارش کی نذر ہونے کے بعد دوسرے میں پاکستانی بولرز نے فتح کا راستہ بنایا، پنڈی میں ہی تیسرے اور لاہور میں چوتھے ٹی20میں کیویز نے میزبان ٹیم کے مختلف کمبی نیشن اور تجربات ناکام بناتے ہوئے کامیابی حاصل کی۔