سیاسی قوتوں سے مذاکرات کیلیے تحریک انصاف کے 3 مطالبات سامنے آ گئے


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) رہنما زین قریشی نے کہا ہے کہ ہم مشروط طو پر ہر سیاسی قوت سے بات کرنے کو تیار ہیں۔پی ٹی آئی ہر سیاسی قوت سے بات کرنے کو تیار ہیں مگر پہلے 3 مطالبات تسلیم کیے جائیں۔ ہمارے تمام قائدین اور کارکن جو اسیر ہیں انہیں رہا کیا جائے،9 مئی اور 8 فروری سے متعلق کمیشن تشکیل دیئے جائیں۔ ہم سمجھتے ہیں کہ 8 فروری کے ہمارے مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالا گیا ہے، اگر یہ تسلیم کرلیا جائے تو ہم ہر سیاسی قوت سے بات کرنے کو تیار ہیں۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار نجی ٹی وی کے پروگرم”کیپٹل ٹاک” میں کیا ۔پروگرام میں (ن )لیگ کے سینیٹر مصدق ملک نےبھی شرکت کی۔
پروگرام کے دوران مصدق ملک نے کہا کہ راستہ ایک ہی ہے کہ ہمیں آگے بڑھنا چاہیے۔ زین قریشی اور ان کے والد شاہ محمود قریشی ہمیشہ سیاسی راستہ تلاش کرنے کی بات کرتے ہیں لیکن ان کے باقی لیڈران کے بیانات میں دوسرا مؤقف سامنے آیا۔