تربت یونیورسٹی کو علمی میدان میں نئی بلندیوں تک پہنچائیں گے، وائس چانسلر


تربت(قدرت روزنامہ)جامعہ تربت کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر جان محمد نے کہاہے کہ تربت یونیورسٹی میں تحقیقی سرگرمیوں کے فروغ سے ملک بھر میں یونیورسٹی کی علمی ساکھ میں اضافہ ہو رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بروزبدھ ایڈوانسڈ سٹڈیز اینڈ ریسرچ بورڈ کے بیسویں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے یونیورسٹی میں تحقیقی سرگرمیوں کو فروغ دینے میں یونیورسٹی کے فیکلٹی ممبران کی لگن اور عزم اور ایڈوانسڈ سٹڈیز اینڈ ریسرچ بورڈکے ممبران کی کوششوں کو سراہا۔ وائس چانسلر نے اپنے اس عزم کو دہرایاکہ ان کی انتظامیہ تربت یونیورسٹی کو تحقیقی اورعلمی میدان میں نئی بلندیوں تک پہنچانے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھے گی۔جامعہ تربت کے گریجویٹ اسٹڈیز کے ڈین ڈاکٹر عدیل احمد نے اجلاس کے ایجنڈے کو غور و خوض اورضروری فیصلے کے لیے اجلاس کے سامنے پیش کیا، جن میں ایڈوانسڈ سٹڈیز اینڈ ریسرچ بورڈ کے انیسویں اجلاس کے منٹس کی توثیق، مقالہ جات جمع کرنا، تشخیصی رپورٹس اور مختلف اسکالرز کی زبانی امتحان کی رپورٹس شامل تھیں۔اجلاس میں جامعہ تربت کے پرو وائس چانسلر ڈاکٹر منصور احمد، ڈینز، کوالٹی انہانسمنٹ سیل کے ڈائریکٹر، آفس آف ریسرچ، انوویشن اینڈ کمرشلائزیشن کے ڈائریکٹر، کنٹرولر امتحانات، عطا شاد ڈگری کالج تربت کے پرنسپل اور بورڈ کے دیگرممبران نے شرکت کی۔