چوہدری پرویز الٰہی سیاسی سرگرمیوں کا آغاز کب کریں گے؟


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)سابق وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الہیٰ منگل کی رات کوٹ لکھپت جیل سے رہا ہوئے۔ ان کی یہ رہائی تقریباً 9 ماہ بعد ممکن ہو پائی ہے اور خاندانی ذرائع کے مطابق صحت کے مسائل کے پیش نظر ان کے طبی معائنے جاری ہیں۔
جب پرویز الٰہی اڈیالہ جیل میں تھے تو انہیں دل کی تکلیف کے ساتھ سینے میں انفیکشن کی شکایت بھی ہوئی تھی تاہم انہیں مختلف اوقات میں اسپتال منتقل کیا جاتا رہا تھا۔ اڈیالہ جیل میں پرویزالٰہی کے واش روم میں گرنے سے دائیں سائیڈ کی چوتھی پسلی فریکچر ہوگئی تھی اور گرنے کی وجہ سے بائیاں گھٹنا بھی زخمی ہو گیا تھا۔
پرویز الٰہی پر جیل میں ہونے والی سختیاں ناقابل بیان ہیں، خاندانی ذرائع
سابق وزیر اعلیٰ پنجاب کے جمعرات کو مختلف ٹیسٹ بھی کروائے گئے ہیں۔ خاندانی ذرائع کے مطابق چوہدری پرویز الہیٰ ابھی کچھ عرصہ آرام کریں گے اور کسی بھی سیاسی میٹنگز میں حصہ نہیں لیں گے ۔ خاندانی ذرائع کہتے ہیں کہ ان کی عمر تقریبا 80 برس ہے اور ان پر جیل میں جو سختیاں کی گئی ہیں وہ ناقابل بیان ہیں۔
کیا پرویز الٰہی میڈیا سے بات کریں گے؟
خاندانی ذرائع نے بتایا کہ چوہدری پرویز الہی عمران خان کے بیانیے کے ساتھ کھڑے ہیں اور اس جرم میں انہوں نے 9 ماہ سے زائد عرصہ جیل کاٹی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پرویز الٰہی فی الحال میڈیا سے بات کرنے یا پریس کانفرنس کرنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتے اور نہ ہی فوری کوئی سیاسی مصروفیات شروع کرنے کا سوچ رہے ہیں۔
پرویز الٰہی محسن نقوی سے زیادتیوں کا بدلہ لیں گے، خاندانی ذرائع
پرویز الٰہی کا یہ مؤقف ہے کہ 8 فروری کو ن لیگ نے عوام کا میڈیٹ چرایا ہے جبکہ ہم فارم 45 میں جیتے ہوئے تھے اور فارم 47 میں ہمیں ہروادیا گیا۔ وہ سجھتے ہیں کہ ’جعلی میڈیٹ‘ پر بننے والی حکومت زیادہ دیر نہیں چلے گی.
ذرائع کہتے ہیں کہ پرویز الٰہی کی صحت جیسے ہی بہتر ہوگی وہ تحریک انصاف کے ہر سیاسی محاذ پر آگے ہوں گے۔ خاندانی ذرائع نے بتایا کہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے جو ان کے ساتھ زیاتیاں کی ہیں وہ ان کا بدلہ ضرور لیں گے۔