دنیا کا سب سے زیادہ گرفتار ہونے والا شخص چل بسا


اوئنٹن(قدرت روزنامہ)دنیا میں سب سے زیادہ گرفتار ہونے کا ریکارڈ اپنے نام کرنے والا شخص چل بسا۔
امریکی ریاست کینٹکی سے تعلق رکھنے والا ’ہینری ارل‘ نامی شخص جو اپنی زندگی کے دوران ایک ہزار 300 سے زائد گرفتاریوں کے لیے مشہور تھا، گزشتہ ہفتے 74 برس کی عمر میں دنیا سے چلا گیا۔ہینری ارل جو اپنی روز مرہ کی گرفتاری کے باعث اکثر خبروں میں رہا کرتا تھا، اس کی آخری رسومات امریکی شہر (Owenton) کے قبرستان میں ادا کی گئیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ہینری کا کوئی خاندان نہیں تھا جن سے اس کی آخری رسومات میں شرکت کے لیے رابطہ کیا جا سکتا۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا کہ بے گھر رہنے والے ہینری کو تقریباً 1,300 بار پکڑا گیا جو اکثر شراب نوشی سے متعلقہ جرائم میں ملوث رہتا تھا۔
ہینری ارل نے ایک بار میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا تھا کہ اس نے 18 سال کی عمر میں اپنی سوتیلی ماں کی موت کے بعد شراب کا استعمال شروع کر دیا تھا۔
میڈیا رپورٹس میں کہا گیا کہ ہینری کی پہلی گرفتاری ’ہتھیار چھپا کر لے جانے کے جرم میں‘ فائیٹ کاؤنٹی میں جولائی 1970 میں 20 سال کی عمر میں ہوئی تھی۔ پہلی بار گرفتار ہونے کے بعد ہینری نے 6 ہزار دن جیل میں گزارے۔جبکہ وہ آخری بار گرفتار اپریل 2017 میں پبلک ایریا میں کھلے عام شراب نوشی کے باعث ہوا۔