واٹس ایپ اسٹیٹس پر طویل ‘وائس نوٹ’ لگانا اب ممکن


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)واٹس ایپ نے اسٹیٹس اپ ڈیٹس پر وائس نوٹ لگانے کے فیچر میں نئی اپڈیٹ متعارف کروادی، صارفین اب اسٹیٹس پر ایک منٹ طویل وائس نوٹ شیئر کر سکیں گے۔
چند روز میں واٹس ایپ کی جانب سے انٹرفیس کو مکمل طور پر تبدیل کرنے سمیت کئی نئے فیچرز اور اپ ڈیٹس متعارف کروائی جاچکی ہیں۔
ایک تازہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ واٹس ایپ ایک نیا فیچر لا رہا ہے جس کے تحت صارفین اسٹیٹس اپ ڈیٹ پر طویل وائس نوٹ پوسٹ کر سکیں گے۔ واٹس ایپ کی جانب سے اسٹیٹس پر وائس نوٹ کی طوالت کو iOS اور Android دونوں صارفین کے لیے بڑھایا جارہا ہے۔
واٹس ایپ اپڈیٹ کرکے نیا ورژن استعمال کرنے والے صارفین اب اپنے اسٹیٹس اپ ڈیٹس پر ایک منٹ طویل آڈیو پیغامات ریکارڈ اور شیئر کر سکتے ہیں، جس سے بغیر کسی رکاوٹ کے مزید تفصیلی انداز میں اپنے خیالات کا اظہار ممکن ہوجائے گا۔
صارفین ‘مائیک’ بٹن کو دبا کر وائس نوٹ ریکارڈ کر سکیں گے، یہ بالکل ایسا ہی ہوگا جیسے چیٹس میں وائس نوٹ بھیجتے وقت کرتے ہیں، ریکارڈ کرنے کے بعد اگر آپ کا اسٹیٹس پر وائس نوٹ لگانے کا ارادہ بدل جائے تو آپ اسے سلائیڈ کرکے کینسل بھی کرسکتے ہیں۔
یہ نیا فیچر کچھ صارفین کے لیے واٹس ایپ کے تازہ ترین ورژن میں دستیاب ہے، اینڈرائیڈ صارفین گوگل پلے سٹور سے واٹس ایپ کو اپ ڈیٹ کر سکتے ہیں جبکہ iOS صارفین اسے ایپ سٹور سے اپ ڈیٹ کر سکتے ہیں، توقع ہے کہ آنے والے دنوں میں یہ فیچر تمام صارفین کو دستیاب ہوجائے گا۔
واٹس ایپ کی جانب سے عنقرب ایک منٹ طویل ویڈیوز بھی اسٹیٹس پر شیئر کرنے کا فیچر متعارف کروادیا جائے گا، فی الوقت اسٹیٹس پر 30 سیکنڈ طویل ویڈیوز شیئر کی جاسکتی ہے۔