پی سی بی کا اسامہ میر کو غیر ملکی لیگ کھیلنے کی اجازت دینے سے انکار


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اسامہ میر کو ٹی20 بلاسٹ کے لیے این او سی جاری کرنے سے انکار کردیا۔ پی سی بی کا کہنا ہے کہ اسامہ میر کو 2 لیگز کی حد کی وجہ سے مزید این او سی نہیں دی گئی۔
ورلڈ ٹی 20 سے محرومی کے بعد اسامہ میر کی انگلینڈ میں لیگز کھیلنے پر بھی پابندی عائد کردی گئی۔ پی سی بی نے اسپنر کو این اوسی دینے سے انکار کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ اسامہ میر یکم جولائی 2023 سے 30 جون 2024 کے سائیکل میں 2 لیگز کھیل چکے ہیں۔
کرکٹ بورڈ کا کہنا تھا کہ اسامہ نے گزشتہ سال دی ہنڈریڈ اور بگ بیش لیگ میں شرکت کی تھی، پی سی بی کنٹریکٹ یافتہ پلیئرز کو پی ایس ایل کے علاوہ دو لیگز کی اجازت دیتا ہے۔
ٹی20 بلاسٹ میں اسامہ میر کو ووسٹرشائر ریپڈز کی نمائندگی کرنا تھی، این او سی نہ ملنے کے بعد ٹیم نے اسامہ میر کا معاہدہ منسوخ کردیا۔ ان کو ووسٹر شائر سے ٹی20 بلاسٹ معاہدہ ہونے کے باوجود ختم کرنا پڑا ہے۔
اسامہ میر نے دیگر کھلاڑیوں کے ساتھ گزشتہ سال جو سنٹرل کنٹریکٹ سائن کیا تھا اس کے مطابق ان کو پی ایس ایل کے ساتھ دیگر 2غیر ملکی لیگز کی اجازت تھی، چونکہ اسامہ میر پہلے ہی 2 لیگز کھیل چکے تھے اس لیے پی سی بی نے مزید لیگز میں حصہ لینے سے انکار کیا۔
واضح رہے پچھلے سیزن میں اسامہ میر نے ووسٹر شائر کے لیے 11 میچ کھیلے اور 19 وکٹیں حاصل کیں۔ معاہدہ منسوخ ہونے کے بعد اب ان کی جگہ ویسٹ انڈیز کے لیگ اسپنر ہیڈن والش کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔