ایکس پر متنازعہ پوسٹ، عمران خان کا ایف آئی اے کی تفتیش میں شمولیت سے انکار


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)بانی پی ٹی آئی عمران خان کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ ایکس پر شیخ مجیب الرحمان سے متعلق پوسٹ شیئر کرنے کے معاملے پر ایف آئی اے کی ٹیم تفتیش کے لیے اڈیالہ جیل پہنچی، جس پر عمران خان نے ایف آئی اے ٹیم سے ملنے سے انکار کردیا۔

ذرائع کے مطابق عمران خان نے ایف آئی اے سے شامل تفتیش ہونے سے منع کرتے ہوئے کسی بھی سوال کا جواب دینے سے انکار کیا۔ عمران خان نے کہا کہ کسی بھی سوال کا جواب وکلا کی موجودگی میں دوں گا۔
ایف آئی اے ٹیم نے بانی پی ٹی آئی کا موقف تحریری طور پر حاصل کرلیا، ایف آئی اے سائبر کرائم سیل نے جوڈیشل مجسٹریٹ اسلام آباد سے بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے اڈیالہ جیل میں انکوائری کے لیے رابطہ کیا تھا۔
ایف آئی اے نے خط میں لکھا کہ عمران خان کے ایکس آفیشل ہینڈل سے ریاست مخالف ویڈیو اور بیانیے کی تشہیر کی گئی، بانی چیئرمین کے آفیشل ہینڈل سے ریاست مخالف اور اداروں اسپیشلی پاک آرمی کے خلاف پروپیگنڈا کیا گیا۔
خط کے متن کے مطابق 29 مئی کو پوسٹ کی جانے والی ویڈیو میں آرمی کے خلاف پروپیگنڈا کے ذریعے حقائق کو توڑ مروڑ کر آفیسرز اور جوانوں میں بغاوت اور اشتعال پیدا کرنے کی کوشش کی گئی۔
اِس ویڈیو کے ذریعے مختلف ریاستی اداروں میں تفریق بھی پیدا کرنے کی کوشش کی گئی، یہ ویڈیو صریحاً پیکا ایکٹ 2019 کی خلاف ورزی ہے جسکی تفتیش ہونا لازم ہے اِس لیے عمران خان تک تفتیش کی رسائی دی جائے۔
واضح رہے جب ایف آئی اے ٹیم انکوائری کے لیے اڈیالہ جیل پہنچی تو عمران خان نے ملنے سے انکار کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ وکلا کی موجودگی میں ہی ملاقات کروں گا۔