پنجاب میں جیلرز کی تعیناتی کی نئی مدت کتنی ہوگی؟


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پنجاب کی جیلوں میں جیلرز کی تعیناتی کی مدت سے متعلق نئی پالیسی کی تشکیل کا اعلان کردیا گیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر محکمہ داخلہ پنجاب نے جیل ریفارمز وژن کے تحت نئی پالیسی کی تشکیل پر کام کا آغاز کردیا۔
اس حوالے سے سیکریٹری داخلہ پنجاب نورالامین مینگل نے اعلان کیا کہ نئی پالیسی میں صوبہ بھر کے جیلرز کی تعیناتی کی مدت ایک سال ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ تمام سپرنٹنڈنٹس، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹس اور ایگزیکٹو افسران کے پروفیشنل کنڈکٹ کی جانچ پڑتال ہوگی اور پورا سال جیلرز کی کارکردگی پر کڑی نظر رکھی جائے گی۔
نورالامین مینگل نے کہا کہ صوبہ بھر میں قائم 44 جیلوں کو عالمی معیار کے مطابق اپ گریڈ کیا جارہا ہے، ایک سال کے دوران تمام جیلرز کی کارکردگی کی بنیاد پر مارکنگ کی جائے گی۔
انہوں نے بتایا کہ بہترین کارکردگی کے حامل جیلرز کو قابلیت کے مطابق ذمہ داریاں دی جائیں گی، کسی سطح پر قانون شکنی یا نااہلی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔
سیکریٹری داخلہ پنجاب نے مزید بتایا کہ جیل ریفارمز ایجنڈا کے تحت نئی پالیسی کی سفارشات مرتب کی جا رہی ہیں۔