جیڈا گوادر کے مقامی لوگوں کیلئے روزگار کے مواقع پیدا کرے، ہدایت الرحمن بلوچ


گوادر(قدرت روزنامہ)ایم پی اے گوادر مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے جیڈا کا دورہ، مختلف ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ لی۔ ایم پی اے گوادر مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے آج گوادر انڈسٹریل اسٹیٹس ڈیولپمنٹ اتھارٹی (جیڈا) کے آفس کا دورہ کیا اور جاری ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا۔ دورے کے موقع پر انہوں نے جیڈا کے منیجنگ ڈائریکٹر وقاص احمد لاسی سے ملاقات کی اور مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔ منیجنگ ڈائریکٹر وقاص احمد لاسی نے ایم پی اے مولانا ہدایت الرحمن بلوچ کو جیڈا میں جاری ترقیاتی منصوبوں سے متعلق بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ جیڈا گوادر میں انڈسٹریل ایریا کارواٹ، پاک ایران بارڈر گبد اور تربت میں مختلف ترقیاتی منصوبوں پر کام کر رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جیڈا کا مقصد گوادر کو ایک جدید اور صنعتی شہر بنانا ہے جو مقامی لوگوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرے۔ ایم پی اے گوادر مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے جیڈا کے کام کی تعریف کی اور کہا کہ یہ منصوبے گوادر کی ترقی اور خوشحالی میں اہم کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ جیڈا کے الاٹمنٹ میں مقامی صنعت کاروں اور کاروباری حضرات کو اولین ترجیح دینی چاہیئے اور گوادر کے مقامی ملازمین جو کنٹریکٹ یا ڈیلی ویجز پر کام کر رہے ہیں انہیں مستقل کیا جائے۔ ملاقات میں جیڈا کے ڈائریکٹر فنانس ماجد بہرام، ایگزیکٹو انجینئر عزیز احمد اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔ جبکہ ایم پی اے گوادر کے ساتھ حق دو تحریک کے مرکزی ترجمان حفیظ کیازئی اور دیگر زمہ داران بھی شامل تھے۔