پشاور؛ نامعلوم افراد کی فائرنگ سے پولیو ڈیوٹی پر مامور پولیس اہل کار جاں بحق


پشاور(قدرت روزنامہ)نامعلوم افراد نے پولیو ڈیوٹی پر مامور پولیس اہل کار کو ڈیوٹی پر جاتے ہوئے فائرنگ کا نشانہ بنا دیا . پولیس کے مطابق واقعہ متنی کے علاقے میں سلیمان خیل کے قریب پیش آیا .

ابتدائی اطلاعات میں بتایا گیا ہے کہ پولیس کانسٹیبل شاہ نواز ولد اکبر حسین بلٹ نمبر 7080 سکنہ سلمان خیل بڈھ بیر صبح ساڑھے 6 بجے موٹر سائیکل پر ڈیوٹی کے لیے جا رہا تھا کہ راستے میں سلمان خیل نہر غارہ پر فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا .
پولیس کانسٹبل کی تھانہ متنی کی حدود سرہ خاورہ کیمپ میں پولیو ڈیوٹی لگی تھی . واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس افسران بھاری نفری کے ساتھ موقع پر پہنچے . جائے وقوع سے کلاشنکوف کے خالی خول برآمد کرکے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے .
پولیس نے مختلف پہلوؤں کو پیش نظر رکھتے ہوئے واقعے کی تفتیش شروع کردی ہے .
بعد ازاں شہید شاہ نواز کی نماز جنازہ ملک سعد شہید پولیس لائن میں سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کر دی گئی . نماز جنازہ میں ایس ایس پی آپریشنز کاشف ذوالفقار ، ایس ایس پی انوسٹی گیشن سجاد احمد صاحبزادہ ، ایس ایس پی کوآرڈی نیشن محمد وقاص خان سمیت دیگر پولیس افسران اور شہید کے لواحقین موجود تھے .
دوسری جانب وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے شہید کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا اور صبر کی دعا کی . انہوں نے فائرنگ میں ملوث عناصر کی فوری گرفتاری کے لیے اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے شہید کے ورثا کے لیے مالی امداد کی بھی ہدایت کی .

. .

متعلقہ خبریں