انسٹاگرام کےنئے فیچر پر صارفین تلملا اٹھے
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)انسٹاگرام پر ایک نئے فیچر کی آزمائش کا آغاز کر دیا گیا ہے جو صارفین کو اسکِپ (skip) کیے بغیر مکمل اشتہارات دیکھنے پر مجبور کرتا ہے۔
کئی صارفین کی جانب سے یہ دعویٰ سامنے آیا کہ انسٹا گرام پر اسکرولنگ کے دوران حیران کُن طور پر انہیں ایسے اشتہارات نظر آئے جنہیں اِسکپ نہیں کیا جاسکتا تھا۔
بعدازاں انسٹا گرام کی جانب سے ٹیکنالوجی ویب سائٹ ‘دی ورج’ کو تصدیق کی گئی کہ انسٹاگرام انتظامیہ واقعی ایک ایسے فیچر کی جانچ کر رہی ہے جو صارفین کے لیے اشتہارات کو اسکپ کرنا مشکل بنا دے گا، تاہم یہ واضح نہیں کیا گیا کہ انسٹاگرام کی جانب سے اس فیچر کو باقاعدہ طور پر متعارف کرانے کا ارادہ ہے یا نہیں۔
نئے فیچر کو ‘ایڈ بریک’ کا نام دیا گیا ہے جسے بیٹا صارفین پر آزمایا جارہا ہے، صارفین کے مطابق اس نئے فیچر کے تحت نیوز فیڈ پر اسکرولنگ یا اسٹوریز دیکھنے کے دوران بھی ایڈ بریک سامنے آجاتا ہے۔یہ فیچر انسٹاگرام فیڈ پر اسکرول کرتے ہوئے اچانک آپ کو مزید اسکرولنگ سے روک دیتا ہے، پھر ایک چھوٹا سا نوٹیفکیشن نمودار ہوتا ہے جوکہ ‘ایڈ بریک’ کی نشاندہی کرتا ہے۔
اِس ایڈ بریک کے دوران آپ کو اشتہار تلاش کرنے کے لیے اوپر یا نیچے اسکرول کرنا پڑے گا، جیسے ہی آپ اشتہار تلاش کرلیں گے تو 6 سیکنڈز کا ٹائمر شروع ہو جائے گا، اِن 6 سیکنڈز کے دوران آپ کو یہ اشتہار اسکِپ کیے بغیر مسلسل دیکھنا ہوگا۔
صارفین انسٹاگرام پر پہلے ہی اشتہارات کی بہتات کی شکایت کرتے ہوئے اِس نئے فیچر کی آزمائش پر شدید تحفظات کا اظہار کررہے ہیں۔
انسٹاگرام نے تاحال یہ بھی واضح نہیں کیا کہ اِس نئے فیچر کے تحت اشتہارات کتنے تواتر کے ساتھ سامنے آئیں گے تاہم اگر واقعی یہ فیچر باقاعدہ متعارف کرایا جاتا ہے تو یہ انسٹاگرام پر اسکرولنگ کے خوشگوار تجربے کو متاثر کرنے کا باعث بن سکتا ہے۔