بچوں کو معاشرتی تفریق کے قطع نظر تعلیم کے یکساں مواقع فراہم کرنا ضروری ہیں،وزیر اعلیٰ بلوچستان
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کا وائس آف بلوچستان کے زیر اہتمام اساتذہ کی تقریب “سفر معلم” سے خطاب
کوئٹہ (قدرت روزنامہ)وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کا وائس آف بلوچستان کے زیر اہتمام اساتذہ کی تقریب “سفر معلم” سے خطاب،وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نےکہاہےکہ بچوں کو معاشرتی تفریق کے قطع نظر تعلیم کے یکساں مواقع فراہم کرنا ضروری ہیں۔جھوٹ پر مبنی بیانیہ کے ذریعے ریاست اور نوجوانوں میں خلیج پیدا کی گئی۔سوشل میڈیا نے معاشرے میں جھوٹ اور سچ کی تمیز ختم کردی ۔
ترقی یافتہ معاشروں نے سماجی اور تعلیمی اصلاحات کے بعد سوشل میڈیا کو متعارف کرایا ۔پاکستان میں کسی بھی سماجی اقدار کی اصلاح کے بغیر سوشل میڈیا کو رسائی دی گئی۔ٹیچنگ لازمی سروسز کا حصہ ہیں ، اساتذہ ہڑتال کا حصہ نہیں بن سکتے۔بلوچستان میں ننانوے فیصد مسائل گورننس کی وجہ سے ہیں ۔محدود وسائل بدعنوانی کی نظر ہوجاتے ہیں۔عوام تک ترقی کے ثمرات پہنچانے کے لئے پی ایس ڈی پی درست کرنے کی ضرورت ہے۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نےکہاکہ تشدد سے بلوچستان کو حقوق نہیں مل سکتے ۔بلوچستان کو جتنے بھی حقوق ملے پارلیمنٹ سے ملے۔ آئندہ بھی حقوق کے حصول کا یہی راستہ ہے ۔میرٹ کو یقینی بنائیں گے صوبے میں کوئی نوکری نہیں بکے گی۔ہر ضلع سے میٹرک میں ٹاپ کرنے والے دس بچیوں اور دس بچوں کے آئندہ سولہ سالہ تعلیمی اخراجات صوبائی حکومت برداشت کرے گی۔
سائنس کے مضامین میں پی ایچ ڈی کرنے والے بلوچستان کے طالب علموں کو دنیا کی 200 اعلٰی ترین جامعات میں اسکالرشپ دیں گے۔اقلیتوں کو سالانہ ایک سو اسکالرشپ دیں گے۔ٹرانس جینڈر کو بھی اسکالرشپ پروگرام کا حصہ بنایا گیا ہے۔فورسز کے ساتھ سویلین شہداء کے بچوں کے تعلیمی اخراجات حکومت بلوچستان ادا کرے گی۔