کیا انرجی ڈرنکس موت کا سبب بن سکتی ہیں؟ تحقیق میں حیران کن انکشافات
طبی تحقیق کے نتائج ’جرنل ہارٹ ردہم‘ میں شائع ہوئے
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)آج کل انرجی ڈرنکس کے استعمال میں اضافہ ہوگیا ہے، خاص طور پر نوجوان نسل انرجی ڈرنکس کا استعمال پانی پینے کی طرح کررہی ہے۔مگر کیا آپ جانتے ہیں کہ انرجی ڈرنکس کا استعمال آپ کے لیے جان لیوا ثابت ہوسکتا ہے؟ اس بارے میں ایک تحقیق سے معلوم ہوا ہے۔
مایو کلینک کی تحقیق میں وارننگ جاری کی گئی ہے کہ انرجی ڈرنکس پینے سے دل کی حرکت اچانک بند ہوسکتی ہے یعنی اس کے استعمال سے (کارڈک اریسٹ) کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ مذکورہ طبی تحقیق کے نتائج ’جرنل ہارٹ ردہم‘ میں شائع ہوئے تھے۔
رپورٹ کے مطابق ایسی ڈرنکس میں کیفین اور دیگر ایسے اجزا زیادہ مقدار میں شامل ہوتے ہیں جو دل کی بیماری والے افراد کے لیے جان لیوا بھی ثابت ہوسکتے ہیں۔ انرجی ڈرنکس کے نقصانات کو جانچنے کے لیے مذکورہ تحقیق میں کارڈک اریسٹ کا شکار ہونے والے 144 مریضوں کا جائزہ لیا گیا۔
7 مریض ایسے تھے جنہوں نے کارڈک اریسٹ سے کچھ دیر پہلے ایک یا اس سے زائد انرجی ڈرنکس کا استعمال کیا تھا۔
اگرچہ محققین کو اپنی اس ریسرچ میں یہ بات ثابت نہیں ہوئی انرجی ڈرنکس پینے سے براہ راست کارڈک اریسٹ ہوتا ہے مگر انہوں نے انتباہ کی انرجی ڈرنکس کا استعمال ویسے بھی مضر صحت ہے اور خاص طور پر دل کی بیماری کا شکار مریضوں کو مشروبات کے استعمال سے گریز کرنا چاہئے۔ کیونکہ انرجی ڈرنکس کا فائدہ تو کچھ نہیں مگر نقصان زیادہ ہوسکتا ہے۔