پولیس اور لیویز کی جانب سے چمن دھرنا مظاہرین پر فائرنگ نہیں کی گئی، ڈی آئی جی ژوب


چمن(قدرت روزنامہ)ڈپٹی انسپکٹر جنرل ژوب ریجن معروف صفدر واہلہ نے کہاہے کہ ایس پی چمن، اسسٹنٹ کمشنر صدر اور اسسٹنٹ کمشنر سٹی کی قیادت میں پولیس اور لیویز نے ملکر آپریشن کر کے شہر کی تمام سڑکوں کو کلیئر کرادیا ہے ۔کوئٹہ کو چمن سے ملانے والی شاہراہ جو ایک ماہ سے مظاہرین کی جانب سے بند کی گئی تھی کو بھی بحال کردیا گیا ہے۔ قریبی اضلاع سے اضافی نفری طلب کرکے صورتحال پر قابو پا لیا گیا ہے۔ ڈی آئی جی ژوب نے بتایا کہ پولیس اور لیویز کی جانب سے کوئی فائرنگ نہیں کی گئی۔ صرف سڑکیں بند کرنے والے افراد کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کی شیلنگ اور لاٹھی چارج کیا گیا جس میں کچھ مظاہرین زخمی ہوئے۔ کچھ مظاہرین کو پولیس نے گرفتار بھی کیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ مظاہرین کی جانب سے پتھرا اور تشدد سے اب تک 18 پولیس اہلکار زخمی ہو چکے ہیں۔ڈی آئی جی معروف صفدر واہلہ کا کہنا تھا کہ مظاہرین میں شامل بعض منفی عناصر صورتحال کو خراب کرنا چاہتے ہیں ان میں غیرملکی بھی شامل ہیں تاہم حکومت کسی کو قانون ہاتھ میں لینے نہیں دے گی۔