بنیادی مراکز صحت میں ملازمین کی غیر حاضری برداشت نہیں کریں گے، سیکرٹری صحت


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)سیکرٹری صحت صالح محمدبلوچ نے کہا ہے کہ محکمہ صحت میںسروسزکے معیارکی بہتری کیلئے انتظامات کوبہتربناناہوگا، بنیادی مراکزصحت میں تعینات مستقل ملازمین کی غیرحاضری برداشت نہیںکریںگے، مالی مشکلات کے باوجودصوبے میںPPHIکی کارکردگی بہتر ہے، رکاوٹیں اور مشکلات ہوں گی مگرہماری کوشش ہے کہ صحت کے شعبے کو بہتر بنائیں تاکہ بلوچستان کے عوام کوان کی دہلیز تک طبی سہولیات کی فراہمی کویقینی بنایا جاسکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز PPHI-B کے ہیڈآفس کا دورہ کرنے کے موقع پر افسران سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر CEO-PPHI حمید اللہ ناصر نے سیکرٹری صحت کو ادارے کی کارکردگی اور سروسز کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ PPHI بلوچستان صوبے کے دور دراز علاقوں میں عوام کو پرائمری صحت کی سہولیات فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہے۔ اس موقع پر سیکرٹری صحت صالح محمد بلوچ نے PPHI بلوچستان کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ کم مالی وسائل کے باوجود PPHI بلوچستان بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسانی زندگی کیلئے تعلیم وصحت اور پینے کا صاف پانی انتہائی اہم ہے۔ پرائمری صحت کے نظام کو بہتر بنا کر دیگر معاملات کو بہتر بنایا جاسکتا ہے۔ بلوچستان میں وسائل کی کمی ہے مگر ہم بہتر مینجمنٹ کے ذریعے مسائل کو حل کرسکتے ہیں، رکاوٹیں بہت ہوںگی تاہم ہماری کوشش ہوگی کہ شعبہ طب میں بہتر اصلاحات لائیں۔ اس موقع پر سیکرٹری صحت نے صوبے میں طبی سہولیات کی فراہمی کو مزید بہتر بنانے کیلئے اپنے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔